مہنگائی اور بیروزگاری کیخلاف سیاسی جماعتوں کے احتجاجی مظاہرے
ملک میں بڑھتی مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف سیاسی جماعتوں کے زیر اہتمام بنوں اور صوابی میں مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔
نیشنل پریس کلب بنوں کے سامنے پاکستان پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور جمعیت علماء اسلام (ف) نے الگ الگ احتجاجے مظاہرے کئے جس سے ضلعی قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت غریب عوام سے انتقام لے رہی ہے، غریب عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا گیا ہے، مہنگائی کا اصل فائدہ جہانگیر ترین کو پہنچ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے آٹا، چینی، گیس اور بجلی سمیت دیگر اشیاء مہنگی کر کے عوام کو فاقوں پر مجبور کردیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ موجودہ حکومت عوام دوست نہیں بلکہ عوام دشمن ہے، موجودہ انصاف کی حکومت اغیاروں کی پالیسوں پرچل رہی ہے، عوام کو ذلیل کردیا ہے، عمران خان کی حکومت قرضوں پر چل رہی ہے جنہوں نے جس بنیاد پر عوام سے ووٹ لیا تھا وہ صرف نعرہ تھا۔
دریں اثناء صوابی میں بھی جے یو آئی اور جماعت اسلامی کے زیراہتمام ملک میں بدترین مہنگائی، آٹے کے بحران، بے روزگاری، فحاشی و عریانی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔
اپنے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت ہر طرف مہنگائی کا ایک طوفان برپا ہے، ایک طرف بے روزگاری اور مہنگائی نے عوام کو رلا دیا تو دوسری طرف آٹے اور چینی کے بحران کا بم بھی غریب عوام پر گرا دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی صفوں میں بیٹھے شوگر ملوں کے سرمایہ دار اس بحران کے ذمہ دار ہیں، ملک میں کوئی ایسی چیز نہیں جو پی ٹی آئی حکومت میں مہنگی نہ ہوئی ہے۔