سفیر بلدیات پراجیکٹ، مقامی نوجوانوں کو نظرانداز کرنا منظور نہیں۔ فاٹا سٹوڈنٹس فیڈریشن
فاٹا سٹوڈنٹس فیڈریشن نے قبائلی اضلاع میں یو این ڈی پی سفیر بلدیات پراجیکٹ میں غیر مقامی آفراد کی بھرتی کو یکسر مسترد کردیا۔
گزشتہ روز پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فاٹا سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی صدر جاسم آفریدی، جنرل سیکرٹری زاہد شاہ کرم وال، سنئر نائب صدر آخیر زمان وزیر، نائب صدر عبدالرحمن محسود مرکزی ترجمان محمد اکبر باجوڑی و دیگر نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک برداشت نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں ہزاروں تعلیم یافتہ نوجوان بےروزگار ہیں تو دوسری طرف حکومت کی جانب سے ہمارے علاقوں میں نان لوکل افراد بھرتی کئے جا رہے ہیں، حالیہ یو این ڈی پی کے سفیر بلدیات پراجیکٹ میں غیر مقامی لوگوں کی بھرتی کرانا قبائلی اضلاع کے مقامی تعلیم یافتہ نوجوانوں کے ساتھ سراسر ظلم اور زیادتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فاٹا انضمام کے بعد سٹوڈنٹس سکالرشپ کا سلسلہ بند کر دیا گیا ہے حالانکہ ہمارے ساتھ وعدہ کیا گیا تھا کہ دس سال تک تمام تعلیمی اداروں میں مخصوص کوٹہ اور سکالرشپ بحال رہیں گے لیکن اب حکومت ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر حکومت نے غیر مقامی افراد کی بھرتی پر ایکشن نہ لیا تو فاٹا سٹوڈنٹس فیڈریشن کے تمام ممبران احتجاجی مظاہروں کے ساتھ ساتھ عدالت کا رخ بھی کریں گے۔