خیبر پختونخوا

ساڑھے چارسو کلو وزن رکھنے والے خان بابا کو دلہن کی تلاش

 

دیو قامت اور ساڑھے چار سو کلو وزن رکھنے والے پاکستانی شہری ارباب خضر حیات المعروف خان بابا شادی کے خواہشمند ہیں مگر انہیں اپنی پسند کی لڑکی نہیں مل رہی۔ 27 سالہ ارباب حیات کا جسمانی وزن ساڑھے 4 سو کلوکے قریب ہے اور انہیں ایسی دلہن کی تلاش ہے جس کا وزن سو کلو سے کم نہ ہو۔

برطانوی روزنامے ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق ارباب حیات دلہن کی تلاش میں اب تک 300 لڑکیوں کو مسترد کرچکے ہیں کیونکہ ان کے خیال میں ان کا وزن بہت کم تھا اور اپنے وزن سے مطابقت رکھنے والی خاتون کی تلاش جاری ہے۔

6 فٹ 6 انچ قد کے مالک ارباب حیات کو پاکستانی ہلک بھی کہا جاتا ہے جو روزانہ 10 ہزار کیلوریز پر مبنی غذا کا استعمال کرتے ہیں اور صرف ناشتے میں ہی 36 انڈے کھالیتے ہیں۔

خیبرپختونخوا کے شہر مردان سے تعلق رکھنے والے ارباب حیات نے کہا ‘میں ایسی خاتون سے ملنا چاہتا ہوں جس کا وزن کم از کم سو کلوگرام جبکہ قد 6 فٹ 4 انچ ہو، تاکہ ہم دونوں کی جوڑی اکٹھے اچھی لگے’۔

انہوں نے مزید کہا ‘میں زیادہ وزن والی بیوی چاہتا ہوں تاکہ اسے مجھ سے نقصان نہ پہنچ سکے، اب تک مجھ سے شادی کی خواہشمند خواتین بہت زیادہ دبلی پتلی ملی ہیں، میرے والدین چاہتے ہیں کہ میری شادی ہوجائے، مگر اب تک کسی کو تلاش نہیں کیا جاسکا’۔

ان کا کہنا تھا ‘گزشتہ 7 برسوں کے دوران میں بے تابی سے محبت کو تلاش کرتا رہا ہوں اور 200 سے 300 لڑکیوں کو دیکھا ہے، مگر سب اوسط جسمانی وزن کی مالک تھیں، میں 6فٹ 6 انچ قد اور بہت وزنی ہوں، اور اوسط وزن کی خاتون کے ساتھ ہم ایک عام جوڑا نظر نہیں آئیں گے، میرے لیے اچھا نظر آنا بہت اہم ہے’۔

روزانہ بہت زیادہ مقدار میں خوراک جیسے 3 کلو گرام گوشت، متعدد بار چاول اور روٹی، 5 لیٹر دودھ وغیرہ کا استعمال کرنے والے ارباب حیات کا کہنا ہے کہ انہیں کسی قسم کے طبی مسائل کا سامنا نہیں۔

ان کے بقول ‘مجھے کوئی بیماری نہیں، میں بالکل فٹ اور اپنے وزن سے مطمئن ہوں، میں ورزش اور کھانا جاری رکھنا چاہتا ہوں تاکہ ورلڈ چیمپئن اسٹرانگ مین بن جاﺅ’۔

انہوں نے بتایا ‘میرے وزن میں اضافہ لڑکپن میں شروع ہوا اور مجھے احساس ہوا کہ میں ویٹ لفٹنگ اور اسٹرونگ مین چیمپئن شپ کا حصہ بننا چاہتا ہوں، تو میں نے وزن بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا’۔

انہوں نے بتایا کہ سفر کے لیے انہیں شدید مشکلات پیش آتی ہیں کیوں کہ کسی بھی گاڑی میں وہ فٹ نہیں آتے۔ خان بابا کی مختلف وڈیوز کچھ سال پہلے یوٹیوب پر وائرل ہوئی تھیں جن میں وہ ایک ٹریکٹر اور گاڑیوں کو اپنے ہاتھ سے روکتے ہوئے نظر آئے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button