میری جان کو کوئی خطرہ نہیں ہے: رابی پیرزادہ
سابق گلوکارہ رابی پیرزادہ نے اپنی جان کو درپیش خطرات سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جان کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پر رابی پیرزادہ کے حوالے سے خبریں گردش کررہی ہیں کہ سابق گلوکارہ کے وکیل بابر افضل نے جنگلی جانور پالنے کے مقدمے میں رابی پیرزدہ کی عدالت میں پیشی سے استثنیٰ کی درخواست دیتے ہوئے کہا ہے کہ رابی پیرزادہ کو مسلسل دھمکیاں مل رہی ہیں اور ان کی جان کو خطرہ ہے اس لیے وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتیں۔
تاہم رابی پیرزادہ نے اپنی جان کے خطرے سے متعلق افواہوں کی تردید کرتے ہوئے اسے مکمل طور پر جھوٹی خبر قرار دے دیا۔ رابی پیرزادہ نے انسٹاگرام پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے وکیل کا نام بابر افضل نہیں بلکہ حسن خالد رانجھا ہے اور ہم نے کوئی شکایت جمع نہیں کرائی۔
رابی پیرزادہ نے جھوٹی خبریں پھیلانے والے میڈیا ہاؤسز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مجھے پاکستان اور یہاں کے لوگوں سے محبت ہے، مجھے پاکستان کی مٹی سے اور لوگوں سے پیار ہے۔
رابی پیرزادہ نے اسی پوسٹ میں یہ بھی بتایا کہ کہ وہ 25 تاریخ کو عمرے کی ادائیگی کے لیے جارہی ہیں اور سب سے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔
خیال رہے گزشتہ برس رابی پیرزادہ کی ذاتی ویڈیوز لیک ہوئی تھی جو سوشل میڈیا پرپھیل چکی تھی جس کے بعد انہوں نے شوبز سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا۔ رابی پیرزادہ نے شوبز کے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اللہ تعالیٰ میرے گناہوں کو معاف کرے اورمیرے حق میں لوگوں کا دل نرم کرے۔