قومی

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے افسران کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سے فائدہ اٹھانے والے سرکاری افسران کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں بی آئی ایس پی کی چیئر پرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ یہ سچ ہے کہ غریبوں کیلئے وضع کردہ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے 2543 افراد حکومتی اہلکار یا ان کی بیگمات ہیں جن کیخلاف انضباطی کارروائی کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر کے مطابق بی آئی ایس پی میں بھی ملوث اہلکاروں کیخلاف کارروائی شروع کی جا رہی ہے جبکہ دیگر سیکرٹریوں اور وزارتوں کو بھی اس سلسلے میں خطوط ارسال کیے جا چکے ہیں۔ خیال رہے کہ یہ وہ وزارتیں یا محکمہ جات ہیں جن کے اہلکار اس بدعنوانی میں ملوث رہے ہیں۔

بی آئی ایس پی کی چیئرمین کے مطابق احساس پروگرام میں اس حوالے سے احتیاط برتی جا رہی ہے (تاکہ وہاں کوئی اس طرح فراڈ یا دھوکہ دہی سے قومی خزانے کو نہ لوٹ سکے)۔

یاد رہے کہ دو تین روز قبل یہ چشم کشا رپورٹ سامنے آئی تھی کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والوں میں گریڈ 17 سے گریڈ 21 کے اعلیٰ سرکاری افسران بھی شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پروگرام سے مالی امداد حاصل کرنے والوں میں گریڈ 21 کے افسر سمیت 2 ہزار 543 گزیٹڈ افسران یا ان کی بیویاں بھی شامل تھیں جو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت وظیفہ وصول کرتے رہے۔

دستیاب معلومات کے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے نکالے جانے والے افراد میں گریڈ 17 سے گریڈ 21 کے 2 ہزار 543 افسران شامل ہیں جن میں وفاقی حکومت کے گریڈ 17 کے 48، گریڈ 18 کے 10، گریڈ 19 کا ایک اور گریڈ 20 کے 2 افسران یا ان کی بیویاں شامل تھیں جبکہ گریڈ 21 کے افسر یا ان کی اہلیہ نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے۔

لسٹ سے نکالے گئے گریڈ 19 کے افسران کی تعداد 429 ہے، صرف سندھ میں گریڈ 18 کے 342 افسران نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھایا جبکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے 6 افسران نے بھی سکیم سے فائدہ اٹھایا۔

گریڈ 17 کے ایک ہزار 240 افسران نے بھی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھایا، بلوچستان میں سب سے زیادہ سرکاری افسران اس پروگرام سے مستفید ہوئے، بلوچستان سے 741 سرکاری افسران نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے۔

اس بارے میں مزید پڑھیں:

 بی آئی ایس پی سے 8 لاکھ 20 ہزار افراد کی چھانٹی کی منظوری

 قبائلی اضلاع کے 43445 افراد بھی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے خارج

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button