وانا، گورنمنٹ پرائمری سکول جونیملہ تمام سہولیات سے محروم
ضلع جنوبی وزیرستان وانا پاک افغان بارڈر کے قریب علاقہ جونیملہ میں کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا گورنمنٹ پرائمری سکول عرصہ دراز سے تمام تر سہولیات سے محروم ہے۔
میڈیا کے ساتھ گفتگو میں سکول میں تعینات ایک ٹیچر نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ مذکورہ سکول میں کل 175 طلبہ زیرِ تعلیم اور تین ٹیچرز تعینات کیے گئے ہیں لیکن بلڈنگ میں نہ فرنیچر ہے اور نہ رہائش کے لیے کوئی بندوبست ہے اس لے ہم سکول میں حاضری کو یقینی نہیں بنا سکتے۔
دوسری جانب علاقہ جونیملہ کے عوام نے کہا کہ جب سے مذکورہ سکول بنا ہے تب سے ہم نے سکول میں نہ ٹیچر دیکھا اور نہ محکمہ ایجوکیشن کا کوئی اہلکار، سکول کھنڈرات میں تبدیل ہو گیا ہے۔
جونیملہ سے تعلق رکھنے والے والدین نے خیبر پختون خواہ کے وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ سکول کے حوالے سے فوری اقدامات کر کے بچوں کے مستقبل کو بچایا جائے ۔