پشاور, آٹے کے بعد سبزیوں کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے
صوبائی دارالحکومت پشاور میں مہنگائی کا جن بوتل سے باہر نکل آیا جہاں آٹے کے بعد سبزیوں کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے ہیں اور قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے شہریوں کی مشکلات میں بھی اضافہ کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک کلو مٹر کی قیمت 300 روپے، شملہ مرچ 280، بھنڈی 250 روپے، لہسن 320 روپے، ادرک 400 روپے، ٹنڈے 120 روپے، آلو 80 روپے اور ایک کلو پیاز کی قیمت 100 روپے تک جا پہنچی ہے۔
دوسری جانب ٹماٹر گزشتہ ایک ہفتے سے 150 سے لیکر 160 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے، اسی طرح دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کی وجہ سے سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، تاجر دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹ رہے ہیں لیکن صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال غریب عوام کی دسترس سے باہر ہوتی نظر آرہی ہے، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران سبزیوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے مقامی اور غریب عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔