گریڈ 21 تک کے افسران بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والوں میں شامل
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والوں میں گریڈ 17 سے گریڈ 21 کے اعلیٰ سرکاری افسران بھی شامل ہیں۔
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے غیر مستحق افراد سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آگئیں جن کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مالی امداد حاصل کرنے والوں میں گریڈ 21 کے افسر سمیت 2 ہزار 543 گزیٹڈ افسران یا ان کی بیویاں بھی شامل تھیں جو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت وظیفہ وصول کرتے رہے۔
دستیاب معلومات کے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے نکالے جانے والے افراد میں گریڈ 17 سے گریڈ 21 کے 2 ہزار 543 افسران شامل ہیں جن میں وفاقی حکومت کے گریڈ 17 کے 48، گریڈ 18 کے 10، گریڈ 19 کا ایک اور گریڈ 20 کے 2 افسران یا ان کی بیویاں شامل تھیں جبکہ گریڈ 21 کے افسر یا ان کی اہلیہ نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے۔
لسٹ سے نکالے گئے گریڈ 19 کے افسران کی تعداد 429 ہے، صرف سندھ میں گریڈ 18 کے 342 افسران نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھایا جبکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے 6 افسران نے بھی سکیم سے فائدہ اٹھایا۔
گریڈ 17 کے ایک ہزار 240 افسران نے بھی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھایا، بلوچستان میں سب سے زیادہ سرکاری افسران اس پروگرام سے مستفید ہوئے، بلوچستان سے 741 سرکاری افسران نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے۔
وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے اعلیٰ افسران کی تفصیلات منظر عام پر آنے کے بعد ٹوئٹر پر بیان جاری کیا اور کہا کہ کوئی شرم ہوتی ہے، حیا ہوتی ہے، غریب ترین لوگوں کے حق پر اس بے حیائی سے ڈاکہ ڈالنے والوں کو کیا کہا جائے۔
کوئ شرم ہوتی ہے، حیا ہوتی ہے۔۔۔ غریب ترین لوگوں کے حق پر اس بے حیائ سے ڈاکہ ڈالنے کو کیا کہا جائے۔ pic.twitter.com/IaeQytLrtx
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) January 8, 2020
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے پشاور کے 80 ہزار افراد کو خارج کیا گیا ہے، قبل ازیں خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 2 لاکھ 77 ہزار 266 افراد کو فہرست سے خارج کیا گیا تھا۔
پشاو ر کے علاقہ بڈھ بیر، دائود زئی، خزانہ، بخشو پل، چارسدہ روڈ، سمیت شہرکے رورل ایریا سے تعلق رکھنے والے ایسے افراد کو بھی شامل کیا گیا تھا جن کے لاکھوں روپے مالیت کی اپنی ذاتی اراضی موجود ہیں۔
چارسدہ روڈ پر ایک ایسے گھرانے کے پانچ افرادکے نام فہرست سے خارج کئے گئے ہیں جن کے پاس اپنے ذاتی گاڑیاں تک موجود ہیں جو پشاور سے چارسدہ روڈ تک مسافروں کے لئے استعمال ہوتی ہیں۔
پشاور کے علاوہ مردان سے سب سے زیادہ اس کے بعد مالاکنڈ سے سب سے زیادہ، نوشہرہ سے، ڈیرہ اسماعیل خان سے، ضلع خیبرسے، ضلع باجوڑ سے، غیرمستحق افراد کو خارج کیا گیا ہے۔
اس بارے میں مزید پڑھیں:
بی آئی ایس پی سے 8 لاکھ 20 ہزار افراد کی چھانٹی کی منظوری
قبائلی اضلاع کے 43445 افراد بھی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے خارج
سرکاری دستاویزات کے مطابق بی آئی ایس پی نے پروگرام کے ذریعے مالی امداد پانے والے لوگوں میں سے 8 لاکھ 20 ہزار 165 افراد کو پروگرام سے خارج کردیا، پروگرام سے خارج افراد میں سب سے زیادہ خیبر پختونخوا کے 2 لاکھ77 ہزار 266 لوگ شامل ہیں۔
پنجاب کے 2 لاکھ 43 ہزار380 لوگ، سندھ کے ایک لاکھ 83 ہزار 42 لوگ، بلوچستان کے 45 ہزار 280 لوگ، فاٹا کے 43 ہزار 445 لوگ، آزاد کشمیر کے 17 ہزار 361 لوگ، گلگت بلتستان کے8 ہزار 297 لوگ جبکہ اسلام آباد کے 2 ہزار94 افراد بھی اس پروگرام سے خارج ہونے والوں میں شامل ہیں۔