بین الاقوامی

آسٹریلیا: خشک سالی کے باعث 10 ہزار اونٹوں کو مارنے کی منظوری

 

جنوبی آسٹریلیا کے رہنماؤں نے خطے میں خشک سالی کے باعث 10ہزار جنگی اونٹوں کو مارنے کی منظوری دے دی۔ نیوز کورپ آسٹریلیا کی رپورٹ کے مطابق جنوبی آسٹریلیا میں مقامی رہنماؤں نے جنگلی اونٹوں کو مارنے کے لیے فوج کے شوٹرز کی مدد حاصل کرلی۔

مقامی رپورٹس کے مطابق پیشہ ور شوٹرز پانچ دن میں فضائی آپریشن میں 10 ہزار جنگلی اونٹوں کو ماریں گے۔ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے شروع ہونے والے اس فضائی آپریشن کا آغاز آج (8 جنوری) سے ہوگا۔

جنوبی آسٹریلیا کے شمال مغربی علاقے میں اونٹوں کی موجودگی خشک سالی کا باعث بن رہی ہے۔ جنوبی آسٹریلیا کے محکمہ ماحولیات و پانی کے ترجمان نے بتایا کہ ‘اے پی وائی لینڈ کے مغرب میں روایتی مالکان کئی برس سے اونٹوں کو فروخت کر رہے ہیں لیکن خشک موسم میں اتنے اونٹوں کی تعداد سنبھالنا ناممکن ہے’۔

ترجمان کے مطابق اے پی وائی لینڈ میں اونٹوں کے چرنے کی وجہ سے دباؤ غیر معمولی بڑھا ہے اور اس کے نتیجے میں بنیادی نظام کو نقصان پہنچ رہا ہے، خاندان اور برادریوں کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے اور اونٹوں کی بڑے پیمانے پر موجودگی دیگر جانوروں کی فلاح و بہبود کے لیے خطرہ ہے’۔

ان کے مطابق ‘ہزاروں اونٹ پیاس سے مر جاتے ہیں یا پانی تک پہنچنے کے لیے ایک دوسرے کو روندتے ہیں’۔ انہوں نے کہا کہ ‘بعض دفعہ مردہ جانور پانی کے اہم وسائل اور ثقافتی مقامات کی آلودگی کا باعث بنتے ہیں’۔ ایک اندازے کے مطابق آسٹریلیا میں 12 لاکھ سے زیادہ جنگلی اونٹ ہیں۔

خیال رہے کہ چند دن پہلے آسٹریلیا کے جنگلات میں آگ لگنے کی وجہ سے 24 افراد ہلاک اور لاکھوں ایکڑ اراضی جل کرخاک ہوچکی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کے جنگلات میں لگنی والی آگ سے تقریباً 50 کروڑ سے زائد جانور ہلاک ہوئے جبکہ اس خطے میں موجود جانوروں کی کئی اقسام صف ہستی سے مٹ جانے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔سڈنی یونیورسٹی کے ماہرین ماحولیات کے مطابق گزشتہ سال ستمبر سے لے کر اب تک 48 کروڑ ممالیہ جانور، پرندے اور رینگنے والے جانور ہلاک ہوچکے ہیں اور اس تعداد میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button