خیبر پختونخوا

کرک میں گیس کی بڑی پائپ لائن لیک، حکام کو اسلام آباد سے مشینری پہنچنے کا انتظار

ڈیری اسماعیل خان جانے والی بارہ انچ قطر پائپ لائن تخت نصرتی کے علاقے مجان کلے میں نامعلوم وجوہات پر زمین کے اندر لیک ہو چکی ہے اور مقامی لوگ کے مطابق کل رات سے مسلسل لیکیج کی وجہ سے اسی جگہ ایک بڑا گھڑا بھی پڑ چکا ہے

کرک میں گیس کی مین پائپ لائن لیک ہونے کی وجہ سے مقامی آبادی میں تشویش پھیل گئی ہے۔

کرک سے ڈیری اسماعیل خان جانے والی بارہ انچ قطر پائپ لائن تخت نصرتی کے علاقے مجان کلے میں نامعلوم وجوہات پر زمین کے اندر لیک ہو چکی ہے اور مقامی لوگ کے مطابق کل رات سے مسلسل لیکیج کی وجہ سے اسی جگہ ایک بڑا گھڑا بھی پڑ چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گیس لیکیج سے کسی بھی وقت ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا ہے اور بار بار درخاستوں کے باوجود بھی متعلقہ محکمہ پائپ کی مرمت کیلئے کوئی اقدام نہیں اٹھا رہیں۔

دوسری جانب سوئی نادرن کے مقامی افسران کا کہنا ہے کہ پائپ کی مرمت کیلئے مقامی طور پر ان کے ساتھ کوئی بندوبست نہیں ہے اور اس سلسلے میں انہوں نے اسلام آباد سے مشینری منگوائی ہوئی ہے۔

ادارے کے ایک زمہ دار افسر نے کہا کہ جس علاقے میں گیس پائپ لائن لیک ہو چکی ہے وہاں پائپ سے درجنوں غیر قانونی کنکشنز لئے گئے ہیں لیکن ابھی تک یہ واضح نہیں کہ لیکیج کسی غیر قانونی کنکشن کی وجہ سے پائپ پھٹنے سے ہو رہی ہے یا پائپ کی کوئی پرانی ویلڈنگ اپنی جگہ سے ہٹ چکی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسی لیکیج اکثر اوقات ویلڈنگ خراب ہونے سے ہی ہوتی ہے لیکن اس کیس میں ابھی حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

سوئی نادرن کے عہدیداروں نے کہا کہ مشینری پہنچنے کے بعد پانچ سے سات گھنٹوں کے اندر پائپ کی مرمت مکمل ہوجائے گی۔

حکام کے مطابق پائپ لائن میں فی الحال پوری پریشر کے ساتھ گیس کی فراہمی جاری ہے لیکن مرمت کے دوران ٹرانسمشن لائن مکمل طور پر بند کی جائے گی جس کی وجہ سے کرک اور ڈی آئی خان سمیت مختلف جنوبی اضلاع کے لوگوں کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button