محکمہ ثقافت کا ماہ جبین قزلباش کیلئے 5 لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان
محکمہ ثقافت و سیاحت خیبر پختونخوا نے پشتو کی نامور گلوکارہ ماہ جبین قزلباش کیلئے 5 لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان کردیا۔
سیاحت و ثقافت کے وزیر عاطف خان کی ہدایت پر ڈائریکٹر کلچر خیبر پختونخوا شمع نعمت نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال جاکر ماہ جبین قزلباس کی عیادت کی اور ان کی صحتیابی کیلئے دعا کی۔
اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شمع نعمت نے کہا کہ خیبر پختونخوا کلچر ڈیپارٹمنٹ نے مایہ ناز سنگر ماہ جبین قزلباش کے لئے فوری طور مالی امداد کا اعلان کیا ہے جس کے تحت گلوگارہ کو پانچ لاکھ روپے امداد دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماہ جبین کے علاج کیلئے فوری طور پر ایک لاکھ روپے دیئے گئے ہیں۔
دوسری جانب وزیر سیاحت عاطف خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیسبوک پر جاری بیان میں کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت فنکاروں کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے، ماہ جبین قزلباش پشتو موسیقی کا سرمایہ ہے جنہوں نے موسیقی کو نیا روپ دیا ہے اور پوری دنیا میں پشتو کا نام روشن کیا ہے۔
یاد رہے کہ صدارتی ایوارڈ یافتہ گلوکارہ ماہ جبین قزلباش گذشتہ کئی دنوں سے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کے آئی سی یو وارڈ میں زیرعلاج ہیں۔