پشاور، پاکستان کے پہلے سِکھ نیوز کاسٹر کا بھائی نامعلوم افراد کے ہاتھوں قتل
صوبائی دارالحکومت پشاور میں نامعلوم افراد نے پاکستان کے پہلے سکھ نیوز کاسٹر ہرمیت سنگھ کے بھائی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
مقتول رویندر سنگھ کی اگلے چند روز میں شادی ہونے والی تھی جوشاپنگ کے سلسلہ میں شانگلہ سے پشاور آیا تھا، نامعلوم ملزمان نے مقتول کے بھائی کو فون کرکے اطلاع بھی دی کہ آپ کے بھائی کو قتل کرکے نعش چمکنی میں پھینک دی ہے۔
پولیس کے مطابق تویندر سنگھ ولد اتم رام سنگھ سکنہ چکسیر شانگلہ نے تھانہ چمکنی پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ کل رات اُس کو رویندر سنگھ کے موبائل فون سے کال موصول ہوئی، دوسری جانب ایک نامعلوم شخص نے بتایا کہ آپ کے بھائی رویندر کو قتل کرکے اُس کی نعش تھانہ چمکنی کی حدود میں پھینک دی ہے۔
پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول رویندر سنگھ ملیشیاء میں کاروبار کرتا تھا جو حال ہی میں وطن واپس آیا تھا جس کی اگلے ہفتے شادی ہونے والی تھی اور وہ شاپنگ کے سلسلہ میں پشاور آیا تھا جبکہ مقتول کی پشاور آمد کا بھی صرف مخصوص افراد کو علم تھا۔
دوسری جانب ایس ایس پی آپریشنز ظہور بابر آفریدی نے خیبر میڈیکل کالج میں نعش کی پوسٹ مارٹم کے دوران مقتول کے ورثاء کو یقین دہانی کرائی کہ مختلف زاویوں سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے اور بہت جلد ملوث ملزمان کو ٹریس کرلیا جائے گا۔