متحدہ عرب امارات کا پاکستان میں 20 کروڑ ڈالر کے منصوبے شروع کرنے کا اعلان
متحدہ عرب امارات نے پاکستان میں 20 کروڑ ڈالر لاگت کے 40 مںصوبے شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
پاکستان کی ترقی کے لیے متحدہ عرب امارات نے اہم قدم اٹھایا ہے اور پاکستان کی معاشی حالت بہتر کرنے کے لیے یہاں 40 منصوبےشروع کرنے کا اعلان کیا ہے جن کی مالیت 20 کروڑ ڈالر ہے۔
یو اے ای کے سفارتخانے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان نے پاکستان کے لیے تحفہ دیا ہے، اماراتی صدر کی ہدایت پر پاکستان میں ترقیاتی اور انسانی ہمدردی کے 40 منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا جن پر 20 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی۔
سفارتخانے کے مطابق تمام منصوبوں کے لیے مالی معاونت ابوظبی ترقیاتی فنڈ فراہم کر رہا ہے۔ منصوبوں اور سرمایہ کاری کی تصدیق کرتے ہوئے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے ٹویٹ کیا جس میں انہوں ںے منصوبوں پر پاکستان کی جانب سے یو اے ای کا شکریہ ادا کیا ہے۔
حفیظ شیخ نے کہا کہ یہ رقم چھوٹے کاروبار کو فروغ دینے اور نوکریوں پر خرچ ہوگی، یہ تعاون دونوں ممالک کے مابین بڑھتے ہوئے معاشی تعلقات اور دوستی کا ثبوت ہے۔
واضح رہے کہ شیخ محمد بن زاید النہیان نے جمعرات کو ہی پاکستان کا ایک روزہ دورہ کیا ہے۔ اپنے دورے میں انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات کی تھی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس حوالے سے ولی عہد نے ایک ٹوئٹ بھی کی اور اس میں لکھا کہ وہ اپنے ‘دوست عمران خان’ سے ملے اور ‘دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو بڑھانے اور مشترکہ علاقائی اور عالمی معاملات’ پر تبادلہ خیال کیا۔