افغانستان، بلخ اور تخار میں طالبان حملوں میں 7 فوجی اور 8 پولیس اہلکار ہلاک
افغانستان کے صوبے بلخ اور تخار میں طالبان جنگجوؤں کی جانب سے دو مختلف کارروائیوں میں 7 فوجی اور 8 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔
افغان میڈیا کے مطابق طالبان جنگجوؤں نے صوبہ بلخ میں ہائی وے پولیس چیک پوسٹ پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں 8 اہلکار ہلاک جبکہ 6 اہلکار اپنی جانیں بچانے میں کامیاب ہوگئے، اس حملے میں ایک پولیس اہلکار نے طالبان جنگجوؤں کی مدد کی تھی۔
اسی طرح صوبہ تخار میں بھی طالبان جنگجوؤں نے ایک فوجی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں افغان فوج کے 7 اہلکار لقمہ اجل بن گئے۔
سرکاری حکام کا دعویٰ ہے کہ جوابی کارروائی میں 11 جنگجو بھی مارے گئے تاہم طالبان نے اپنے ساتھیوں کی ہلاکت کی تردید کی ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ اور طالبان کے درمیان تعطل کے شکار امن مذاکرات کی بحالی کے باوجود افغانستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں کمی نہیں آئی ہے جب کہ اسی دوران امریکی بیس پر حملے میں ایک اہلکار بھی ہلاک ہوا تھا۔