معروف افغان گلوکارہ امریکی طیارے کے ذریعے افغانستان سے نکلنے میں کامیاب
افغانستان کی مشہور پاپ سنگر آریانہ سعید امریکی فوجی طیارے کے ذریعے افغانستان سے نکلنے میں کامیاب ہوگئیں ۔
کابل پر طالبان کے کنٹرول کے بعد افغانستان سے غیرملکیوں اور افغانوں کے انخلا کا عمل جاری ہے، اس دوران متعدد افغان شہری بھی افغانستان سے جانا چاہتے ہیں تاہم پروازیں نہ ہونے کے باعث انہیں مشکلات کاسامنا ہے۔
نیٹو کے مطابق افغانستان سے اب تک تقریباً 12ہزارغیر ملکیوں سمیت سفارت خانوں اور این جی اوز میں کام کرنے والےافغان باشندوں کا انخلا ہوچکاہے، یہ افراد امریکا اور برطانیہ کے فوجی طیاروں کے ذریعے کابل سے روانہ ہورہے ہیں۔
ایسے ہی لوگوں میں افغان پوپ سنگر آریانہ سعیدبھی شامل ہیں جوکہ امریکی فوجی طیارے کے ذریعے افغانستان سے نکلنے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔
انسٹا گرام پر ایک پوسٹ میں آریانہ نے امریکی فوجی طیارے میں بیٹھے ہوئے اپنی تصویر پوسٹ کی اور بتایا کہ ‘میں گذشتہ چند ناقابل یقین راتوں کے بعد زندہ ہوں اور بخیریت دوحہ پہنچ چکی ہوں اور اب استنبول میں اپنے گھر جانے کے لیے فلائٹ کا انتظار کررہی ہوں’۔
بعد ازاں ایک اور پوسٹ میں انہوں نے بتایا کہ وہ ترکی پہنچ گئی ہیں اور بالکل خیریت سے ہیں۔
آریانہ نے اس موقع پر نیک تمناؤں اور دعاؤں کے لیے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور افغانستان میں امن اور بہتر مستقبل کے لیے دعا بھی کی۔