افغانستان میں طالبان جنگجو سیرو تفریح میں مصروف ہیں، کابل کے چڑیا گھر میں طالبان جنگجوؤں کے سیرسپاٹے کی ایک ویڈیو وائرل ہو گئی۔
ویڈیو میں کابل چِڑیا گھر میں افغان طالبان کو جنگلوں پر جْھک کر ببر شیر کو دیکھتے، بندر کی حرکتوں سے محظوظ ہوتے اور پرندوں کی تصاویر لیتے دیکھا جا سکتا ہے۔ کسی نے بندوق کی نال پر گْلاب اٹکا رکھا ہے تو کوئی درخت کی ٹھنڈی چھاؤں میں بینچ پر بیٹھا موبائل فون میں مگن ہے۔
جنگل کے بادشاہ کو چھونا تو ممکن نہیں لیکن اس کے مجسمے کے ساتھ تو بیٹھا جا سکتا ہے، یہ مجسمہ اس چڑیا گھر کے لاڈلے مرجان نامی شیر کی یاد میں امریکی مجسمہ ساز نے تراشہ تھا، مرجان دو ہزار میں چل بسا تھا۔
طالبان جنگجوؤں نے گزشتہ 20 سال مغربی افواج سے لڑتے ہوئے گزارے ہیں، یہ پہلا موقع ہے جب یہ آزادی سے سیر و تفریح میں مصروف ہیں۔
رپورٹس کے مطابق فی الحال اس چڑیا گھر کا کوئی ڈائریکٹر نہیں، انتظامیہ کے سہمے ہوئے حکام کیمرے کا سامنا کرنے کو تیار نہیں، لیکن انہیں امید ہے کہ یہ تاریخ نہیں دہرائی جائے گی۔
خیال رہے کہ افغان طالبان نے آج طورخم سرحد کو ایک مرتبہ پھر ہر قسم آمدورفت کے لئے بند کر دیا ہے، طالبان حکام کا مطالبہ ہے کہ سرحد کو افغان شہریوں کی آمدورفت کے لئے کھول دیا جائے، جب تک افغان شہریوں کو آمدورفت کی اجازت نہیں دی جائے تب تک سرحد بند رہے گی۔