صوبے میں کہیں بھی ملٹری آپریشن نہیں ہو رہا، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے بنوں قومی جرگہ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں بنوں میں امن و امان کی صورتحال اور دیگر متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے قومی جرگے کے مطالبات سے اصولی اتفاق کرتے ہوئے ان کے حل کے لیے لائحہ عمل تیار کرنے کا فیصلہ کیا۔ برخواست شدہ پولیس اہلکاروں کی بحالی، فورتھ شیڈول اور 3 ایم پی او سے متعلق معاملات کے حل کے لیے کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔
جرگہ اراکین نے علاقے میں امن کے قیام کے لیے حکومت سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ایپکس کمیٹی کے 16 میں سے 12 نکات پر عملدرآمد ہو چکا ہے، باقی 4 نکات پر پیش رفت جاری ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بنوں میں بند سڑکوں کو مرحلہ وار کھولنے کے لیے طریقہ کار وضع کیا جائے گا، اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے عوام کا اعتماد بحال کرنا ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں کہیں بھی ملٹری آپریشن نہیں ہو رہا، دہشتگردوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز جاری رہیں گے، اور پولیس بالخصوص سی ٹی ڈی کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔
ملاقات میں صوبائی وزیر پختون یار خان، ایم این اے مولانا نسیم شاہ، ایم پی اے عدنان وزیر، سیاسی و سماجی شخصیات، عمائدین اور علمائے کرام شامل تھے، جبکہ چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر، آر پی او، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او بھی موجود تھے۔