جنوبی وزیرستان: چلغوزے کے باغات سے مقامی عوام کو 14 ارب روپے کا فائدہ
چلغوزہ بیرونِ ممالک بھیجا جاتا ہے جس کی بدولت مقامی لوگوں کو تقریباً 14 ارب روپے سالانہ آمدنی ہوتی ہے۔ محمد ناصر خان، ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان لوئر ڈسٹرکٹ
پاک فوج کی جانب سے جنوبی وزیرستان میں لگائے گئے چلغوزے کے باغات سے مقامی لوگوں کے معاشی حالات میں مثبت تبدیلی نظر آنے لگی۔
ذرائع کے مطابق چلغوزے کے باغات اور ان کی تجارت سے مقامی عوام کو 14 ارب روپے کا فائدہ ہوا۔
سال 2022 کو عیدالفطر کے موقع پر ریکارڈ کیا جانے والا ویڈیو کِلپ حال ہی میں پاک فوج کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ وڈیو میں دکھائے جانے والے باغات دراصل جنوبی وزیرستان میں قیامِ امن کے ثبوت ہیں اور کامیاب منصوبوں کی عکاسی کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: باڑہ کے ریڑھی بان تجاوازت مخالف آپریشن سے پریشان!
ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان لوئر ڈسٹرکٹ محمد ناصر خان کے مطابق چلغوزہ بیرونِ ممالک بھیجا جاتا ہے جس کی بدولت مقامی لوگوں کو تقریباً 14 ارب روپے سالانہ آمدنی ہوتی ہے؛ ایک پروسیسنگ پلانٹ بھی لگایا جا رہا ہے جس سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے اور علاقے کی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
جنوبی وزیرستان کے مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ ان کا چلغوزے کا کاروبار باہمی مشاورت اور قانونی چینلز کے ذریعے ہو رہا ہے جس سے نہ صرف مقامی علاقوں بلکہ لوکل ڈیلرز کو بھی فائدہ پہنچ رہا ہے۔ اس کے علاوہ یہ ملک کی معیشت کے لیے بھی ایک بڑا مثبت اقدام ہے۔
پاک فوج کے یہ اقدامات دہشت گردی کے خلاف ان کے کامیاب آپریشنز کا نتیجہ ہیں جن کی وجہ سے وزیرستان میں امن قائم ہوا اور مقامی لوگوں کو ایک بہتر زندگی فراہم کی گئی۔