عوام کی آوازقبائلی اضلاع

ٹل سے دوسرا امدادی قافلہ روانہ؛ لوئر کرم میں فریقین کے مزید 4 مورچے تباہ کر دیئے گئے

آج 4 مورچوں کو دھماکے سے اُڑا دیا گیا جبکہ اس کے بعد کل کی کارروائی کا ہدف 10 بنکرز کی مسماری رکھا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر لوئر کرم

ایک طرف کرم کے محصورین کے لئے امدادی سامان کا دوسرا قافلہ روانہ کیا جا رہا ہے تو دوسری جانب اپیکس کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد جاری ہے، اور لوئر کرم میں فریقین کے 4 مورچے دھماکے سے تباہ کر دیئے گئے جبکہ 10 بنکرز کل مسمار کیے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر کرم کے مطابق لوئر کرم میں مورچوں کی مسماری کا عمل جاری ہے؛ آج 4 مورچوں کو دھماکے سے اُڑا دیا گیا جبکہ اس کے بعد کل کی کارروائی کا ہدف 10 بنکرز کی مسماری رکھا گیا ہے۔ مورچوں کی مسماری کے موقع پر فورسز ،اور پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔

سرکاری ذرائع کا کہنا تھا کہ بنکرز کی مسماری کے لیے کل دوبارہ آپریشن کیا جائے گا۔ فریقین میں دونوں اطراف سے 5، 5 بنکرز مسمار کیے جائیں گے۔ پولیس، ایف سی اور سکیورٹی فورسز کی نگرانی اور اسسٹنٹ کمشنروں کی سربراہی میں بنکرز کو بارودی مواد سے تباہ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ”امید ہے کرم میں تمام سٹیک ہولڈرز مل کر قیام امن یقینی بنائیں گے”

ذرائع کے مطابق بالشخیل اور خار کے قریبی علاقوں میں بنکرز ختم کیے جائیں گے۔ 25 سے 30 کلومیٹر کے علاقے میں 700 سے زائد بنکرز موجود ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کرم اشفاق خان کے مطابق آج دن بھر مختلف کارروائیوں کے دوران 4 بنکرز کو مسمار کیا گیا۔ اس سلسلے میں جرگہ ممبران سمیت مقامی عمائدین سے بات چیت مکمل ہوچکی ہے۔

دوسرا قافلہ ٹل کینٹ سے روانہ

ادھر ضلع کرم کے لیے اشیائے خورونوش کا دوسرا قافلہ آج 5 دن بعد ٹل کینٹ سے روانہ کر دیا گیا۔

45 مال بردار گاڑیوں پر مشتمل قافلے میں آٹا، گھی، چینی اور روز مرہ کی اشیاء سمیت تاجروں کا سامان بھجوایا گیا ہے۔ قافلے کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

مال بردار ٹرک پارا چنار، بوشہرہ، علی زئی اور دیگر متاثرہ علاقوں تک پہنچائے جائیں گے۔ کرم میں حالیہ کشیدگی کے بعد پہلا قافلہ 9 جنوری کو روانہ کیا گیا تھا، متاثرہ علاقوں میں ادویات اور سامان کی قلت میں کچھ حد تک کمی کا امکان ہے۔

دوسری جانب کرم میں ٹل پارا چنار روڈ محفوظ بنانے کے لیے اہلکاروں کی بھرتی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق سپیشل پروٹیکشن فورس کی بھرتی رواں ماہ کے آخر تک مکمل کر لی جائے گی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button