باڑہ انتظامیہ پر تجاوزات کیخلاف آپریشن میں امتیازی سلوک کا الزام
آپریشن صرف ریڑھی بانوں کیخلاف ہی کیا گیا، بااثر افراد کے اڈے اب بھی سڑک پر قائم ہیں۔ ریڑھی بانوں کا الزام۔۔ باڑہ بازار سے ہر قسم کے تجاوزات کو ختم کیا جائے گا۔ انتظامیہ کا اصرار
خیبر: ضلعی انتظامیہ نے ریڑھی بانوں سمیت تاجروں، اور بس/کار سٹینڈز مالکان وغیرہ سب کو خبردار کیا ہے کہ باڑہ بازار میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے پہلے مرحلے میں تمام ریڑھی بانوں کو سڑک سے ہٹا کر ان کو جگہ مہیا کر کے وہاں ایڈجسٹ کیا جا رہا ہے: دوسرے مرحلے میں سڑک پر گاڑیوں کے غیرقانونی سٹینڈز کو ختم کیا جائے گا، جبکہ تجاوزات کرنے والوں کو کسی بھی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
تجاوزات کے خلاف آپریشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اسسٹنٹ کمشنر باڑہ نوید احمد نے کہا کہ باڑہ بازار سے ہر قسم کے تجاوزات کو ختم کیا جائے گا اور دکانداروں کو بھی مطلع کیا جا رہا ہے کہ دکانوں کو قانون کے مطابق کریں اور فٹ پاتھ کو مکمل طور پر تجاوزات سے پاک رکھیں۔
باڑہ بازار میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے موقع پر ٹی ایم او باڑہ سبحان اللہ، ڈی ایس پی باڑہ سرکل سوالزر آفریدی، ایس ایچ او تھانہ باڑہ ہردم گل، انجمن تاجران باڑہ کے صدر سید آیاز وزیر، جلات خان، حاجی ارمان گل، عظیم خان اور اسحاق شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں: لکی کی ”اَن لکی” پولیس کے مزید دو جوان ٹارگٹ کلنگ کا شکار
اسسٹنٹ کمشنر باڑہ نے کہا کہ باڑہ بازار کو تجاوزات سے مکمل طور پر صاف کیا جائے گا اور کسی بھی قسم کے غیرقانونی اڈوں، گاڑیوں کے سٹینڈز اور دیگر مافیا کو برداشت نہیں کیا جائے گا، ان کے خلاف کاروائی کی جا رہی ہے، جبکہ مزاحمت کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
تجاوزات کے خلاف آپریشن پر باڑہ کے بیشتر دکانداروں نے اسسٹنٹ کمشنر باڑہ نوید احمد، ٹی ایم او اور انجمن تاجران باڑہ کے عہدیداران کو ہار پہنائے اور کہا کہ گزشتہ 9 سال سے باڑہ بازار میں تجاوزات کے خلاف ایسی کاروائی نہیں کی گئی۔
تاہم دوسری جانب ریڑھی بانوں اور چھابڑا فروشوں کا انتظامیہ پر امتیازی سلوک کا الزام عائد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ باڑہ بازار میں غریب ریڑھی بانوں کے خلاف تو کریک ڈاؤن کیا گیا لیکن دوسری طرف بااثر افراد کے گاڑیوں کے اڈے تاحال سڑک پر ہی قائم ہیں: "غریب اور کمزور ریڑھی بانوں کو تو سڑک کے کنارے سے ہٹا دیا گیا مگر ٹیکسی والے اور مختلف اڈوں والے سڑک کنارے ہی سواریوں کے لیے کھڑے ہوتے ہیں اور ٹریفک و پولیس اہلکار ان کے سامنے بے بس نظر آتے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریٹر ریڑھی بانوں کے لیے بھی سڑک کنارے بندوست کریں تاکہ نہ سڑک بند ہو نہ ہم غریبوں کا روزگار متاثر ہو۔”