کرم: نئی پولیس چیک پوسٹوں سمیت دو ایف سی پلاٹونز تعینات کرنے کا اعلان
دھرنا والوں کے مطالبات تسلیم ہوئے؛ امن معاہدے کے بعد دھرنوں کا اب کوئی جواز نہیں رہا، جبکہ متاثرہ گاؤں کا سروے مکمل کیا ہے، اور جلد ہی معاوضے دینے کا عمل شروع کیا جائے گا۔
پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ کرم میں نئی پولیس چیک پوسٹوں سمیت 2 ایف سی پلاٹونز بھی تعینات کی جائیں گی۔
بیرسٹر سیف کے مطابق ایک صدی سے زائد عرصہ پرانے تنازعے کا پائیدار حل نکالنے میں کامیاب ہوئے؛ کرم مسئلے کے حل کیلئے جرگے کی تقریباً 50 سے زائد نشستیں ہوئیں، جرگہ اراکین نے خلوص کے ساتھ کوششیں کیں جبکہ کمشنر اور ڈی آئی جی سمیت پوری انتظامیہ نے بھی بھرپور کردار ادا کیا۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ سڑک کی بندش کے باعث مسائل کا حکومت کو پوری طرح ادراک تھا (لیکن) سڑک کی بندش کا مقصد مزید خونریزی کا راستہ روکنا تھا؛ وزیراعلیٰ نے ادویات اور دیگر سروسز کے لیے اپنا ہیلی کاپٹر وقف کیا جس کے ذریعے تقریباً 15 ٹن ادویات پہنچائی گئیں، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر محکمہ خوراک نے رعایتی نرخوں پر آٹا فراہم کیا، محکمہ ریلیف نے نان فوڈ آئٹم علاقے میں پہنچائے، جبکہ اور 700 سے زائد افراد کو فضائی سروس فراہم کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: کرم: گرینڈ جرگہ ختم؛ امن معاہدے پر فریقین نے دستخط کر دیئے
بیرسٹر سیف نے کہا کہ دھرنا والوں کے مطالبات تسلیم ہوئے؛ امن معاہدے کے بعد دھرنوں کا اب کوئی جواز نہیں رہا، جبکہ متاثرہ گاؤں کا سروے مکمل کیا ہے، اور جلد ہی معاوضے دینے کا عمل شروع کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کرم شاہراہ کو محفوظ بنانے کے لیے 400 پولیس اہلکاروں کو بھرتی کرنے کی منظوری دی گئی ہے، نئی پولیس چیک پوسٹوں سمیت 2 ایف سی پلاٹون بھی تعینات کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز گرینڈ جرگہ میں فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کر دیے تھے جس کے تحت فریقین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا اور بڑا اسلحہ حکومتی تحویل میں دیا جائے گا جبکہ فریقین کی جانب سے بنائے گئے مورچے ختم کیے جائیں گے اور قبائلی تصادم کو مذہبی رنگ نہیں دیا جائے گا۔