لکی مروت میں بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف خواتین کا احتجاج
لکی مروت میں بجلی اور گیس کی ناروا لوڈ شیڈنگ کے خلاف خواتین میدان میں اتر آئیں،انہوں نے اڈہ چوک میں دھرنا دے کر مین میانوالی روڈ بلاک کر دی۔
روڈ کی بندش سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، خواتین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔ خواتین کا کہنا تھا کہ لکی مروت شہر اس وقت شہر ناپرسان بن چکا ہے۔بجلی اور گیس لکی مروت سے مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے، خواتین کو کھانا پکانے اور ناشتے کی تیاری میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ نے ان کی زندگی اجیرن کر دی ہے، خواتین نے کہا کہ احتجاج کرنا مردوں کا کام ہے لیکن اگر انہوں نے چپ سادھ لی ہے تو خواتین کو مجبورا گھروں سے نکلنا پڑا۔ان کے مطابق دن اور رات میں چند گھنٹے بھی بجلی نہیں ہوتی،گھروں میں پانی تک ختم ہوگیا ہے،انہوں علاقے کے سیاسی رہنماؤں کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا کہ وہ علاقے کے مسائل کے حل کیلئے کوئی آواز نہیں اٹھاتے۔