عوام کی آواز

ڈالر 175 روپے سے زائد، سونے کی قیمت میں بھی 6 سو روپے کا اضافہ

ملکی تاریخ میں پہلی بار اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 175 روپے سے زائد ہو گئی، جبکہ دوسری جانب سونے کی قیمت میں بھی چھ سو روپے کااضافہ ہو گیا۔

عالمی مارکیٹ میں فی بیرل برینٹ کی قیمت بڑھ کر 86 ڈالر اور امریکی تیل ڈبلیو ٹی آئی کی فی بیرل قیمت 85 ڈالر کے ساتھ سات سال کی بلند ترین سطح پر پہنچنے جیسے عوامل کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں پیر کو ڈالر کی تیز رفتار اڑان جاری رہی جس کے نتیجے میں ڈالر کے اوپن مارکیٹ ریٹ ملکی تاریخ میں پہلی بار 175 روپے پر پہنچ گئے جبکہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 174 روپے سے بھی تجاوز کر گئی۔

انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 43 پیسے کے اضافے سے 174.43 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1.20 روپے بڑھ کر 175.50 روپے پر بند ہوئی۔

دوسری جانب بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 9 ڈالر کے اضافے سے 1802 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی پیر کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 600 روپے اور 515 روپے کا اضافہ ہو گیا۔

اس کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 127800 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 109568 روپے ہو گئی۔

بلین مارکیٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سونے کی مقامی قیمت اب بھی دبئی گولڈ مارکیٹ سے 1500 روپے کم ہے تاہم اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1470 روپے پر جبکہ دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 1260.28 روپے پر مستحکم رہی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button