عوام کی آواز

مقامی منتخب نمائندوں نے ہمارے حقوق پر قبضہ کر رکھا ہے: مظاہرین ضلع خیبر

ضلع خیبر تحصیل باڑہ کے دور افتادہ پہاڑی علاقوں جوٹ درہ، یگو میلہ، زڑا میلہ اور کندو غریبی کے مقامیرہائشیوں نے اپنے مطالبات کے حوالے سے جوٹ درہ صادق خیل بر قمبر خیل میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔  اس موقع پر مقامی عمائدین نے کہا کہ یہاں کے مقامی رہائشی پچھلے 73 سالوں سے بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج تک ہمیں مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے یہاں پر زندگی گزارنے کے لیے کوئی سہولت میسر نہیں ہیں۔

مقامی عمائدین نے کہا کہ ہم اپنے ضلع خیبر کے ساتھ زمینی راستے سڑک سے محروم ہیں جبکہ ضلع کرم کے راستے اپنے علاقے میں آتے اور جاتے ہیں جس کی وجہ سے مقامی عوام نہایت مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وادی تیراہ میدان سے جوٹ درہ تک سڑک کی منظوری ہوئی ہے لیکن ابھی تک اس پر کام شروع نہ ہو سکا۔

انہوں نے مقامی منتخب نمائندوں پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں لوگوں نے ہمارے حقوق پر قبضہ کر رکھا ہے جس کی وجہ سے ہم اب بھی پتھر کی دور میں رہ رہے ہیں۔ جوٹ درہ کے مقامی رہائشیوں نے کہا کہ ہمارے بچوں کے لیے علاقے میں کوئی بھی تعلیمی ادارہ موجود نہیں جبکہ حکومت کی جانب سے منظور شدہ سرکاری پرائمری سکولوں کی تعمیر بھی تاخیر کا شکار ہے۔

مقامی عمائدین نے حکومت وقت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ ہمارے مطالبات ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے فوری طور پر اقدامات اٹھائیں بصورت دیگر ہم احتجاجی دھرنا پشاور تک بڑھائیں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button