عوام کی آوازقبائلی اضلاع

خیبر: "خیبر فیسٹیول 2025” ثقافت، کھیل اور تفریح کا رنگا رنگ امتزاج بن کر اختتام پذیر

ضلع خیبر کے جمرود اسپورٹس کمپلیکس میں تین روزہ "خیبر فیسٹیول 2025” جوش و خروش، ثقافتی رنگینیوں اور بھرپور عوامی شرکت کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ 18 سے 20 جولائی تک جاری رہنے والا یہ ایونٹ خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورزم اتھارٹی اور ضلعی سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے منعقد ہوا، جس میں خواتین، بچوں اور نوجوانوں سمیت ہر عمر کے افراد نے شرکت کی۔

فیسٹیول کا آغاز قومی ترانے، مارچ پاسٹ اور پی ٹی شو سے ہوا، جبکہ بیڈمنٹن، باسکٹ بال، رسی کشی، تیر اندازی، مارشل آرٹس اور جمناسٹک جیسے دلچسپ مقابلے ہوئے۔ مقامی ہنر کو اجاگر کرنے کے لیے فوڈ اور ہنڈی کرافٹ اسٹالز بھی توجہ کا مرکز بنے، جہاں خواتین اور نوجوانوں نے بھرپور نمائندگی کی۔

ثقافتی محفل میں پشتو موسیقی اور "حق” کے عنوان سے پیش کئے گئے بامقصد اسٹیج ڈرامے نے سماجی شعور اجاگر کیا۔ فیسٹیول کے مہمانانِ خصوصی ڈائریکٹر سپورٹس تاشفین حیدر اور ڈائریکٹر ٹورزم اشتیاق احمد نے اسے امن، ثقافتی ہم آہنگی اور نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کا ذریعہ قرار دیا۔

اختتامی تقریب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں اور آرگنائزرز میں اسناد، شیلڈز اور نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔ مقامی مشران نے فیسٹیول کے تسلسل کی خواہش ظاہر کی اور اسے خیبر کی ثقافتی شناخت کو اجاگر کرنے والا کامیاب ایونٹ قرار دیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button