جنوبی وزیرستان: یوتھ آفس کے زیر اہتمام وسیع شجرکاری مہم، نوجوانوں کی بھرپور شرکت

صوبائی حکومت اور ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان اپر کی ہدایت پر سب ڈویژن لدھا کے مختلف علاقوں میں یوتھ آفس کے زیر اہتمام شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا۔ مہم سام، کڑمہ، شروانگی، تیارزہ عباس خیل اور ڈسٹرک محسود پریس کلب میں بیک وقت چلائی گئی، جس کا مقصد ماحول کی بہتری، سرسبز و شاداب وزیرستان کا قیام اور نوجوانوں میں درخت لگانے کا شعور اجاگر کرنا تھا۔
مہم کے دوران مقامی نوجوانوں، طلباء، صحافیوں اور سماجی کارکنوں نے بھرپور حصہ لیا اور مختلف اقسام کے پودے لگا کر ماحول دوستی کا عملی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر یوتھ آفیسر فاروق محسود نے کہا کہ نوجوان نسل کو ماحول دوست سرگرمیوں میں شامل کرنا نہایت اہم ہے تاکہ آئندہ نسلوں کے لیے ایک صاف اور صحت مند ماحول مہیا کیا جا سکے۔
یوتھ آفیسر نے شجرکاری مہم کو علاقے میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ سرسبز جنوبی وزیرستان کا خواب حقیقت کا روپ دھار سکے۔