شاہ کس میں پہلے "پولیس سہولت مرکز خیبر” کا افتتاح

خادم خان آفریدی
انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا زوالفقار حمید نے ضلع خیبر کے علاقے شاہ کس میں ضم اضلاع کی تاریخ کے پہلے پولیس سہولت مرکز خیبر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں آئی جی پی زلفقار حمید نے کہا کہ یہ سہولت مرکز ضم اضلاع میں پولیس اصلاحات کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو عوام کو ایک چھت کے نیچے 25 سے زائد پولیس سے متعلق سروسز فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں خواتین کے لیے خصوصی ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ وہ آسانی اور عزت کے ساتھ اپنی شکایات درج کرا سکیں۔
پولیس سہولت مرکز میں شہریوں کو پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ، گمشدہ دستاویزات کی ایف آئی آر، کنٹرول روم، ڈومیسٹک سرونٹس کی ویری فکیشن، ڈرائیونگ لائسنس، انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس، ڈرائیونگ اسکول سمیت دیگر اہم سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
یہ سہولت مرکز خیبرپختونخوا میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا پولیس مرکز ہے جو جدید تقاضوں کے مطابق شہریوں کی فوری رہنمائی اور سہولت رسانی کو یقینی بنائے گا۔
دوسری جانب علاقے کے عوام نے پولیس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس مرکز سے انہیں روزمرہ کے کئی مسائل کے حل میں آسانی ہوگی اور اب انہیں مختلف دفتروں کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔
اس موقع پر سی سی پی او پشاور قاسم علی، ڈی پی او خیبر رائے مظہر اقبال، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر خیبر حکمت خان آفریدی، ڈی ایس پی باڑہ سرکل سوالزر خان آفریدی، ڈی ایس پی لنڈی کوتل سرکل ملک مظہر آفریدی، اور ڈی ایس پی جمرود سرکل محمد نواز آفریدی سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔