جنوبی وزیرستان اپر: سیکیورٹی خدشات پر سرکاری عملے کا تحفظات کا اظہار

جنوبی وزیرستان اپر کے تحصیل لدھا میں سیکیورٹی صورتحال کی خرابی اور حالیہ کشیدگی کے تناظر میں سرکاری عملے نے ڈپٹی کمشنر فضل ودود کو تحریری درخواست جمع کروا دی، جس میں تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات نے سرکاری ملازمین میں شدید عدم تحفظ پیدا کر دیا ہے اور وہ خوف کی فضا میں اپنی ڈیوٹیاں انجام دے رہے ہیں۔ درخواست پر تمام متعلقہ سرکاری اہلکاروں کے دستخط موجود ہیں، جو اجتماعی تشویش کی عکاسی کرتے ہیں۔
سرکاری عملے نے مطالبہ کیا ہے کہ لدھا میں موجود اہلکاروں کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز کا فوری نوٹس لیا جائے اور ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے ان کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے تاکہ وہ اپنے فرائض بلا خوف انجام دے سکیں۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاحال سرکاری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔