لنڈی کوتل: میرعلی مبینہ ڈرون حملے کے خلاف خیبر اولس کا احتجاجی مظاہرہ

ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل بازار میں واقع باچاخان چوک میں خیبر اولس کے زیرِ اہتمام وزیرستان کے علاقے میرعلی میں حالیہ مبینہ ڈرون حملے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں سول سوسائٹی، طلباء، نوجوانوں اور مزدور رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
احتجاجی مظاہرے میں آفتاب شینواری، طورخم مزدور یونین کے سابق صدر حاجی فرمان شینواری، ثواب نور شینواری، عمران آفریدی، لنڈی کوتل پوسٹ گریجویٹ کالج کے صدر داؤد شینواری سمیت متعدد افراد شریک ہوئے۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر واقعے کی مذمت اور امن کے حق میں نعرے درج تھے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ سانحہ میرعلی میں معصوم بچوں کی شہادت انتہائی افسوسناک ہے، جس پر پوری قوم غمزدہ ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف دیا جائے اور واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔
شرکاء نے کہا کہ پختون بیلٹ اور قبائلی اضلاع میں ایک بار پھر بدامنی کا آغاز ہو رہا ہے جو انتہائی تشویشناک ہے۔ عوام اپنے علاقوں میں امن اور استحکام چاہتے ہیں، مزید خونریزی کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
یاد رہے کہ چند روز وزیرستان کے علاقے میرعلی میں مبینہ ڈرون حملے میں تین بچوں کی اموات واقع ہوئی تھی۔