عوام کی آوازقبائلی اضلاع

باجوڑ: بس اسٹینڈ ٹینڈر اسکینڈل، کروڑوں روپے سے زائد رقم ریکور

رحمان ولی احساس

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں جنرل بس اسٹینڈ خار کے ٹینڈر میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، جس پر اینٹی کرپشن خیبر پختونخوا نے کارروائی کرتے ہوئے 1 کروڑ 53 لاکھ 82 ہزار 160 روپے کی خطیر رقم ریکور کر لی ہے۔

اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق، اسپیشل انویسٹی گیشن ونگ کو جنرل بس اسٹینڈ خار کے تین سالہ ٹینڈر کے حوالے سے متعدد عوامی شکایات موصول ہوئیں، جن کی روشنی میں ابتدائی تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ انکوائری میں یہ بات سامنے آئی کہ جون 2022 میں ایک نجی ٹھیکیدار کو تین سالہ مدت کے لیے جنرل بس اسٹینڈ کا ٹھیکہ دیا گیا، تاہم اس نے مقررہ شرائط پر عمل درآمد نہیں کیا اور نہ ہی سرکاری خزانے میں کوئی رقم جمع کرائی۔

تحقیقات کے مطابق، معاہدے کے تحت ٹھیکیدار کو سالانہ بنیاد پر حکومت کو خطیر رقم ادا کرنا تھی، مگر دو سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود کوئی ادائیگی نہیں کی گئی۔ اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ اس غفلت اور دانستہ خلاف ورزی کی وجہ سے قومی خزانے کو مجموعی طور پر 2 کروڑ 53 لاکھ 82 ہزار 160 روپے کا نقصان ہوا۔

حکام کے مطابق انکوائری میں الزامات درست ثابت ہونے کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی اور اب تک 1 کروڑ 53 لاکھ روپے سے زائد رقم کی وصولی ممکن ہو چکی ہے۔ باقی رقم کی ریکوری کے لیے بھی قانونی اقدامات جاری ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ٹینڈر کے عمل میں ملوث افسران اور ذمہ داران کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے اور جلد مزید گرفتاریاں اور قانونی چارہ جوئی متوقع ہے۔ اینٹی کرپشن ونگ کے مطابق ادارہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور کسی بھی سطح پر سرکاری وسائل کی چوری یا خرد برد کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے اینٹی کرپشن کی اس کارروائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ نہ صرف مکمل رقم کی وصولی یقینی بنائی جائے بلکہ ذمہ دار عناصر کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ آئندہ کوئی سرکاری مفاد سے کھیلنے کی جرات نہ کرے۔

یاد رہے کہ باجوڑ سمیت خیبر پختونخوا کے دیگر قبائلی اضلاع میں گزشتہ چند سالوں کے دوران ترقیاتی منصوبوں، ٹینڈرز اور ٹھیکوں میں شفافیت پر سوالات اٹھتے رہے ہیں، جن پر مؤثر نگرانی اور احتساب کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا جا رہا ہے

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button