عوام کی آوازقبائلی اضلاع

جنوبی وزیرستان: کڑیکوٹ بازار میں موبائل انٹرنیٹ بحالی کے لیے احتجاجی مظاہرہ

سعید وزیر

جنوبی وزیرستان کے علاقہ کڑیکوٹ بازار میں مقامی نوجوانوں نے موبائل انٹرنیٹ سروس اور ڈی ایس ایل کنکشن کی بحالی کے حوالے سے احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

مظاہرین نے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دورِ جدید میں علاقے کے معزز، پُرامن اور تعلیم یافتہ افراد، لاکھوں آبادی کو موبائل انٹرنیٹ سروس سے محروم رکھنا ظلم، ناانصافی اور غیر آئینی اقدام ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ کی بندش سے کاروباری سرگرمیاں، تعلیمی رابطے اور مسافروں کے ساتھ روابط شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ لاکھوں آبادی کو ڈیجیٹل تاریکی میں دھکیل دیا گیا ہے، جو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر شہید موڑ کا موبائل ٹاور بحال کیا جائے، اور غواخوا، شین، ورسک سمیت دیگر علاقوں میں نئے ٹاورز نصب کیے جائیں۔ ساتھ ہی کڑیکوٹ اور اس کے نواحی علاقوں میں ڈی ایس ایل کنکشن کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

کڑیکوٹ کے نوجوانوں نے بڑی تعداد میں احتجاج میں شرکت کی اور اعلان کیا کہ اگر جلد از جلد مطالبات پر عمل نہ کیا گیا تو آئندہ لائحہ عمل طے کر کے سکاوٹس کیمپ کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ شہید موڑ پر قائم موبائل ٹاور کو نامعلوم افراد نے آگ لگا دی تھی، جس کے نتیجے میں علاقے میں موبائل انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر معطل ہو چکی ہے۔ موبائل انٹرنیٹ سروس، بالخصوص کڑیکوٹ ٹاور کے مسئلے کے حوالے سے ایم این اے زبیر وزیر نے پاکستان کمیونیکیشن اتھارٹی کو باقاعدہ تحریری خط بھی ارسال کیا تھا، جبکہ موبائل ٹاور کمپنی کی جانب سے بھی شہید موڑ موبائل ٹاور بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، تاہم تاحال علاقے میں سروس معطل ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button