طورخم بارڈر اور لنڈی کوتل بازار میں مزدور عالمی دن پر بھی کام کرنے پر مجبور

دنیا بھر کی طرح آج یکم مئی کو خیبر ضلع میں بھی مزدوروں کا عالمی دن منایا گیا، تاہم بدقسمتی سے طورخم بارڈر اور لنڈی کوتل بازار میں مزدور اس دن بھی روزی کمانے پر مجبور رہے۔
طورخم بارڈر مزدور یونین کے مشر حضرت سلام شینواری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ’’عالمی یومِ مزدور کے موقع پر دنیا بھر میں مزدوروں کو سہولیات اور حقوق دیئے جاتے ہیں لیکن لنڈی کوتل اور طورخم کے مزدور آج بھی ان بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور مزدوری پر مجبور ہیں۔‘‘
انہوں نے مطالبہ کیا کہ دونوں ممالک کے حکام بارڈر کے دونوں اطراف مزدوروں کو ریلیف، روزگار کے بہتر مواقع فراہم کریں اور ان کے ساتھ ناروا سلوک بند کریں تاکہ وہ اپنے بچوں کے لیے باعزت روزی کما سکیں۔
دوسری جانب باڑہ میں ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام یومِ مزدور کی مناسبت سے تحصیل کمپاؤنڈ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں مزدوروں کے حقوق کے حوالے سے آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔
بعدازاں باڑہ بازار میں ایک ریلی نکالی گئی جس میں شرکاء نے ایسے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مزدوروں کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور ان کے تحفظ کے حق میں نعرے درج تھے۔
تقریب اور ریلی میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر باڑہ، ایس ایچ او تھانہ باڑہ جاوید آفریدی، تحصیلدار داؤد آفریدی، ٹریفک انچارج، مقامی عمائدین، تاجر برادری، اسکول طلبہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔