لنڈی کوتل: "بھارت کی جارحیت پر قبائلی عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ ہونگے”، قبائلی مشران

ضلع خیبر کے لنڈی کوتل بازار باچاخان چوک میں قبائلی مشران، بلدیاتی نمائندگان، تاجروں اور عوام نے بھارت کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اور پاکستان فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
ریلی میں بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی جبکہ شرکاء نے "پاکستان زندہ باد” اور "پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ ریلی کی قیادت ملک خالد آفریدی، چئیرمین ولی محمد شینواری، مسلم لیگ (ن) کے رہنما ساجد علی آفریدی، سماجی رہنما محمد اسلام شینواری، کلیم اللہ شینواری، چئیرمین حاجی شیر آفریدی، تاجر یونین کے صدر یاد وزیر شینواری اور چئیرمین عطا اللہ آفریدی سمیت دیگر مشران نے کی۔
شرکاء نے نریندر مودی کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی دھمکیوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اگر بھارت نے جنگ یا حملے کی غلطی کی تو قبائلی عوام، مشران اور تاجر برادری پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہر اول دستے کے طور پر کھڑے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج نے بہترین حکمت عملی سے ملک میں امن قائم کیا ہے جسے دنیا بھر میں تسلیم کیا جا رہا ہے۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ 1965ء کی جنگ کی طرح ایک بار پھر پوری قوم، خاص طور پر قبائلی عوام، پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دشمن کو منہ توڑ جواب دیں گے۔
ریلی کے اختتام پر "نریندر مودی مردہ باد”، "پاکستان زندہ باد” اور "پاک فوج زندہ باد” کے نعرے گونجتے رہے۔