عوام کی آوازقبائلی اضلاع

پیدائشی شناخت بدل گئی! کرک میں سولہ سالہ لڑکی آپریشن کے بعد لڑکا بن گئی

ابرار خٹک

کرک کے علاقے گڈی خیل میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جہاں 16 سالہ لڑکی آپریشن کے بعد لڑکا بن گئی، جس پر والدین نے خوشی کا اظہار کیا۔ محمد یاسین، جو پیدائش کے وقت نصرت کے نام سے جانی جاتی تھی، اپنی زندگی کے 16 سال بطور لڑکی گزار چکی تھی، لیکن حالیہ طبی معائنے کے بعد انکشاف ہوا کہ وہ درحقیقت لڑکا ہے۔

محمد یاسین کے والدین نے بتایا کہ پیدائش کے بعد ابتدائی تین سال تک وہ نصرت کو مردانہ لباس پہناتے رہے، لیکن بعد میں اسے خواتین کے کپڑے پہنائے گئے اور 10 سال کی عمر کے بعد اسے روایتی طور پر گھر تک محدود کر دیا گیا۔ نصرت نے مدرسے میں داخلہ لیا اور بعد میں خواتین کو دینی تعلیم بھی دینا شروع کر دی۔

چار ماہ قبل طبیعت خراب ہونے پر والدین نے مقامی ڈاکٹر سے رجوع کیا، جہاں مختلف ٹیسٹ کیے گئے۔ ان رپورٹس کے مطابق ڈاکٹروں نے بتایا کہ نصرت میں مردانہ علامات پائی جاتی ہیں اور آپریشن کا مشورہ دیا۔ پشاور کے برن ہسپتال میں آپریشن کے بعد نصرت مکمل طور پر لڑکا بن گیا، اور اس کا نام محمد یاسین رکھ دیا گیا۔

محمد یاسین کے والدین نے اس خبر کو اپنے لیے خوشی کا باعث قرار دیا اور کہا کہ انہیں 16 سال تک اس حقیقت کا علم نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے ان کے ایک بیٹا اور سات بیٹیاں تھیں، لیکن اب اللہ نے انہیں دوسرا بیٹا عطا کر دیا ہے، جو ان کے لیے باعث رحمت ہے۔

والدین کا مزید کہنا تھا کہ اب وہ محمد یاسین کو دینی مدرسے میں داخل کرائیں گے تاکہ وہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکے۔ دوسری جانب اہلِ علاقہ بھی اس انوکھے واقعے پر حیرت زدہ ہیں، اور دور دراز سے لوگ مبارک باد دینے کے لیے ان کے گھر پہنچ رہے ہیں۔

Show More
Back to top button