باڑہ: دو مختلف واقعات میں چار بچوں سمیت پانچ افراد جاں بحق، چھ زخمی
پہلا واقعہ باڑہ بازار میں پیش آیا جہاں ایک دکان میں موجود قبیلہ سپاہ کے مشر حاجی نصیب آفریدی کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ ملزمان ارتکاب جرم کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں پیش آنے والے دو مختلف واقعات میں چار بچوں سمیت پانچ افراد جاں بحق، جبکہ چھ زخمی ہو گئے۔
پہلا واقعہ باڑہ بازار میں پیش آیا جہاں ایک دکان میں موجود قبیلہ سپاہ کے مشر حاجی نصیب آفریدی کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ ملزمان ارتکاب جرم کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
موقع پر موجود لوگوں کے مطابق قبیلہ سپاہ سے تعلق رکھنے والے قبائلی رہنماء حاجی نصیب آفریدی ایک دکان میں بیٹھے ہوئے تھے کہ اس دوران مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کر دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔ دکان میں موجود افراد نے انہیں ہسپتال منتقل کر دیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے طبی امداد کے دوران ہی دم توڑ گئے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں زیر تعلیم افغان طلبہ کا ڈیٹا طلب، اعلامیہ جاری
دوسرا واقعہ قبیلہ اکاخیل کی ذیلی شاخ مداخیل کے علاقے چرسیان میں پیش آیا جہاں تیز ہواؤں کے باعث ایک حجرے کی دیوار گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر چار بچے جاں بحق جبکہ چھ زخمی ہو گئے۔
حادثے کے بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت نعشوں اور زخمیوں کو ملبے تلے سے نکال لیا، اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔