طورخم: پاک افغان بارڈر فائرنگ، تین ایف سی جوان اور ایک شہری زخمی

پاک افغان بارڈر طورخم پر کشیدگی کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے تین جوان اور ایک شہری زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، فائرنگ کا واقعہ 107 ونگ کے مورٹر پوسٹ پر پیش آیا، جس میں ایف سی کے نائیک ذاکر، لانس نائیک مصدق اور سپاہی مزمل زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ، باچ مینا کے رہائشی ساکر اللہ ولد مختیار بھی فائرنگ میں زخمی ہو گئے، جسے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال لنڈی کوتل منتقل کر دیا گیا۔
آج دن کے وقت دوبارہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں طورخم بارڈر باچ مینا میں مارٹر گولہ گر گیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ باچ مینا کے مقامی لوگ اس شدید کشیدگی کے دوران محفوظ مقامات کی طرف منتقل کر دیئے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طورخم بارڈر پر پاک افغان حکام کے درمیان مذاکرات کی بھی میٹنگ ہوئی تھی، لیکن وہ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکی۔
واضح رہے کہ طورخم بارڈر گزشتہ 10 روز سے تعمیراتی کام کے تنازعہ کے باعث بند ہے، جس کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ پاک افغان دو طرفہ تجارت بھی معطل ہو چکی ہے، جس سے بارڈر کے دونوں طرف تجارتی سرگرمیاں رک گئیں ہیں۔