عوام کی آوازقبائلی اضلاع

پاک-افغان طورخم بارڈر تجارتی اور مسافروں کی آمدورفت کے لئے بند

پاک-افغان طورخم بارڈر پر گزشتہ شام سے تجارتی سرگرمیاں معطل، جبکہ سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، افغان فورسز متنازعہ حدود میں تعمیراتی کام پر بضد ہیں، جس پر پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے اعتراض کیا۔ اس کشیدہ صورتحال کے نتیجے میں طورخم گیٹ اور پاک-افغان دوستی ہسپتال کو بند کر دیا گیا۔

بارڈر ذرائع کے مطابق، کشیدگی کے پیش نظر زیرو پوائنٹ پر کھڑی ایکسپورٹ گاڑیاں واپس بھجوا دی گئی ہیں، جبکہ طورخم کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس بھی دفاتر چھوڑ کر واپس چلے گئے۔ طورخم کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر حاجی مجیب شینواری نے تمام کلیئرنگ ایجنٹس کو صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے دفاتر بند کرنے کی ہدایت کی۔

حکام کے مطابق، کشیدہ صورتحال کے سبب طورخم بارڈر کے دونوں اطراف تجارتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ آج صبح سے مسافروں کی پیدل آمدورفت بھی معطل کر دی گئی، جس کے باعث بارڈر پر مسافروں کا رش بڑھ گیا۔ پاکستانی حکام نے عام شہریوں اور مسافروں کو واپس بھیج دیا جبکہ نادرا امیگریشن کے باہر کا علاقہ بھی خالی کرا لیا گیا ہے۔

بارڈر پر کشیدگی کے باعث دونوں ممالک کے درمیان سفری اور تجارتی رابطے تاحال معطل ہیں، جبکہ معاملے کے حل کے لیے حکام کی سطح پر مذاکرات متوقع ہیں۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button