عوام کی آوازقبائلی اضلاع

خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے وادی تیراہ کے 2041 خاندانوں کو آئی ڈی پیز کا درجہ دے دیا گیا

خیبرپختونخوا حکومت نے وادی تیراہ میں جاری ملٹری آپریشنز کے باعث متاثرہ 2041 خاندانوں کو اندرون ملک بے گھر افراد (آئی ڈی پیز) کا درجہ دیتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ متاثرہ خاندانوں کا تعلق وادی تیراہ کے مختلف علاقوں بشمول سنڈا پال، علام علی، خاپور، میاں داد کمر، کنڈوں کلے، جڑوبی دوخلے، درے نعری، باعیارام، دروٹہ اکا خیل، کمرخیل، سپاء اور زخہ خیل سے ہے۔ حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان تمام خاندانوں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، علی امین گنڈاپور کی سربراہی میں وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں تیراہ متاثرین کے حوالے سے گرینڈ جرگہ منعقد ہوا جس میں عسکری حکام، ضلعی انتظامیہ، کمشنر پشاور، ڈی سی خیبر اور پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی ایم این اے اقبال آفریدی اور ایم پی اے عبدالغنی آفریدی سمیت تیراہ متاثرین کے مشران نے شرکت کی۔

جرگہ کے دوران وادی تیراہ کے متاثرین کو درپیش مشکلات اور ان کی واپسی کے حوالے سے تفصیلی بحث ہوئی۔ اس موقع پر عسکری حکام نے تیراہ میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے پر متاثرین کی جلد از جلد باعزت واپسی کی یقین دہانی کرائی۔

اس ضمن میں امدادی کیمپ بھی جلد ہی قائم کیا جائے گا، جہاں نادرا وین کے ذریعے متاثرین کی تصدیق کی جائے گی اور انہیں دیگر اضلاع کی طرح سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

تیراہ متاثرین کمیٹی کے مشران، پاوس خان، انداز گل، جومات خان، برکت شاہ، قدر جان، نصرت خان اور منت خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت کے اس اقدام کو سراہا اور  قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 11 مہینوں کے دوران سخت سردی اور دیگر مشکلات کا سامنا کرنے کے باوجود وہ پرعزم ہیں اور ملک کی خاطر اپنے گھربار چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button