باڑہ: 8 سٹیل ملز قانونی تقاضے پوری نہ کرنے پر سیل
ضلع خیبر: کمشنر پشاور کے احکامات پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ماحولیات خیبر پختونخوا نے باڑہ سٹیل ملز کے خلاف ایک مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 8 سٹیل ملز کو قانونی تقاضے پوری نہ کرنے پر سیل کر دیا۔
ذرائع کے مطابق کمشنر پشاور ڈویژن اور ڈی ڈی سی خیبر کے احکامات پر اسسٹنٹ کمشنر باڑہ نیک محمد بنگش کے ساتھ دیگر حکام میں ادارہ تحفظ ماحولیات اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف شاہ، انسپکٹر مجید خان، انڈسٹریز اینڈ کنزیومر خیبر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیاز بہادر اور تحصیلدار باڑہ غنچہ گل مہمند شامل تھے۔
انہوں نے باڑہ میں مختلف 16 سٹیل ملز کا معائنہ کیا جن میں 8 سٹیل ملز کو دھویں کے زیادہ اخراج اور دیگر قانونی تقاضے پوری نہ ہونے کی وجہ سے سیل کر دیا گیا جن میں نصیب سٹیل ملز، MZ سٹیل ملز، الفلاح سٹیل ملز اور AG سٹیل ملز، سن سٹار سٹیل ملز، عمر سٹیل فرنس، الہی سٹیل ملز اور الرازق سٹیل ملز شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ان میں دو فیکٹریوں جس میں ایک رولنگ مل شامل ہیں کو وارننگ جاری کی گئی جبکہ تین عدد سٹیل ملز قانونی تقاضے اور دیگر لوازمات پر درست قرار پائے، ان سٹیل ملز میں دعا سٹیل ملز، داؤد سٹیل ملز اور ایچ بی کے سٹیل ملز شامل ہیں، ان کو داد دی گئی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر باڑہ نیک محمد بنگش اور ادارہ تحفظ ماحولیات کے حکام نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات پر سٹیل ملز کے خلاف کاروائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام فیکٹریوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہے گی جب تک مکمل طور پر قانونی تقاضے پوری نہ کرے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کاروائیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے پانی کی آلودگی اور مزدوروں کی سیفٹی اور سیکیورٹی کے حوالے سے بھی کارروائیاں کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ ان کارروائیوں میں دعا سٹیل ملز، داؤد سٹیل ملز اور ایچ بی کے سٹیل ملز کے لوازمات پورے ہونے پر ان کو داد دی گئی۔