قبائلی اضلاع

مہمند، اراضی تنازعہ پر دشمنی جرگہ کی کوششوں سے ختم

ضلع مہمند کی تحصیل حلیم زئی کوز گنداؤ کے علاقہ کٹہ سر میں تقریباً ڈھائی سال قبل جائیداد کے تنازعے پر فریق اول نور شاہ علی، فریق دوم اکبر علی، فریق سوم اورنگ خان اور فریق چہارم سرتاج کے درمیان رنجش اور ناچاقی تھی جس پر جھگڑے اور فائرنگ کے نتیجے میں فریق اول نورشاہ علی کے بھائی گلستان کی بہو قتل ہوئی۔

مقتولہ کے خاندان نے ایف آئی آر میں سرتاج کے بیٹے سجاد اور اورنگ خان کے بیٹے شیر محمد پر قتل کی دعویداری کی جس کے بعد سجاد گرفتار اور شیر محمد مفرور ہوا۔ عدالت نے ملزم کو 25 سال کی سزا سنائی تھی۔

کوز گنداؤ کے ایک گاؤں میں اس کشیدہ صورتحال اور مزید خون خرابے سے بچنے کے لئے مصالحتی جرگہ ممبران نے چاروں فریقین سے مہمند رسم و رواج اور جرگہ کے مطابق فیصلے کا اختیار لیا۔

گزشتہ روز تحصیل حلیم زئی کا قومی جرگہ منعقد ہوا جس میں ایم این اے ساجد مہمند، قومی مشران اور عام لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مصالحتی جرگے نے فیصلہ سنایا کہ متنازعہ زمین مقتولہ کے خاندان نور شاہ علی وغیرہ فریق کی جانب سے پوری ادائیگی کر کے ان کی ملکیت ہو گی۔

مصالحتی جرگے نے مقتولہ خاتون کے دو سالہ بیٹے عثمان کے لئے خصوصی طور پر 2 کنال زمین دی۔ جرگے اور علماء کی درخواست پر مقتولہ کے خاندان نے قتل میں نامزد سجاد اور شیر محمد کو معاف کر دیا اور جرگے کے سامنے تمام فریقین نے فیصلہ تسلیم کرتے ہوئے راضی کر کے اس دشمنی کے خاتمے کا اعلان کیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button