شمالی وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ تھم نا سکا، ایک اور شخص جاں بحق
شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی خیسور میں ٹارگٹ کلنگ کے ایک اور واقعہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایک شہری کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ خیسور کے گاؤں خٹی پنگہ شنکائی میں ہوئی جس کے نتیجے میں محمد ولد عبداللہ سکنہ خوشالی جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عبداللہ اپنے گھر کے سامنے کھڑا تھا جب نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے اسے موقع پر قتل کر دیا، پولیس نے پوسٹ مارٹم کے لیے ڈیڈ باڈی کو قریبی اسپتال منتقل کر کے تحقیقات شروع کر دیں۔
یاد رہے کہ گذشہ ہفتے شمالی وزیرستان تحصیل میرعلی ہی میں نامعلوم افراد نے دو نوجوانوں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ قبل ازیں 30 اگست کو بھی شمالی وزیرستان ہی کی میرعلی تحصیل میں ٹارگٹ کلنگ کے ایک واقعے میں تحصیل غلام خان کے دو بھائی جاں بحق ہو گئے تھے۔
اس سے قبل جولائی میں نامعلوم افراد نے کرکٹ کے مقامی مایہ ناز کھلاڑی واجد کو قتل کر دیا تھا، مقامی انتظامیہ کے مطابق میرعلی کے گاوں ہرمز میں واجد کو گھر کے قریب ہی نامعلوم افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گئے تھے۔