باڑہ: خود ساختہ ٹیکسی سٹینڈز اور اڈے تاحال ختم نہیں کئے جا سکے
ضلع خیبر: باڑہ بازار میں پاک افغان شاہراہ پر خود ساختہ ٹیکسی سٹینڈز اور اڈے تاحال ختم نہیں کئے جا سکے جس سے روزانہ کی بنیاد پر سڑک بلاک رہتی ہے اور عوام کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
خیبر یونین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل و باڑہ سیاسی اتحاد کا سرگرم رکن زاہداللہ آفریدی نے بات کرتے ہوئے کہا کہ باڑہ بازار میں ہر طرف تجاوزات کی بھرمار ہے جبکہ دوسری جانب تحصیل انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور مقامی تھانے کی پولیس بازار میں آپریشن کرتی ہے اور ان کے جانے کے بعد اسی روز یا دوسرے روز دوبارہ تجاوزات نظر آتے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس تمام صورتحال میں انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور باڑہ پولیس اس میں ملوث نظر آتی ہے۔
زاہداللہ نے وزیر اعلٰی خیبر ہختونخوا محمود خان، چیف سیکرٹری کے پی کے اور کمشنر پشاور ڈویژن سے پاک افغان شاہراہ سمیت باڑہ بازار میں تجاوزات کیخلاف عملی اقدامات اٹھانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی تکلیف کو مزید ختم کیا جائے اور حقیقی معنوں میں عوام کو انصاف دلایا جائے۔