تیراہ میں ڈکیتی کے دوران بہن اور بھائی کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار
ضلع خیبر پولیس نے چند ماہ قبل تیراہ میں ڈکیتی کے دوران سگے بھائی بہن کے قتل میں ملوث ملزم زاہد اللہ کو گرفتار کرلیا۔ ملزم زاہد اللہ کو خیبرپولیس نے گزشتہ روز تیراہ کے علاقے زنگی سے گرفتار کیا ہے۔
ڈی پی او خیبر وسیم ریاض کی جاری کردہ احکامات پر ایس ایچ او تھانہ تیرا شمشاد نے کچھ عرصہ قبل بہن اور بھائی کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم زاہد اللہ سکنہ تیراہ ملک دین خیل کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ تھانہ تیراہ پہاڑی علاقہ زنگی میں خفیہ اطلاع پر گرفتار کرلیا جو کہ چند مہینے پہلے ڈکیتی کی غرض سے سگے بھائی بہن کےقتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری تھا ملزم دیگر مقدمات میں بھی خیبر پولیس کو مطلوب تھا۔
علاقہ تیراہ کے عمائدین نے ملزم کے گرفتاری پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور ڈی پی او خیبر اور ایس ایچ او کا خصوصی شکریہ ادا کرنے کے لئے علاقائی عمائدین تیراہ تھانے میں جمع ہوئے اور پولیس جوانوں کو ہار پہنائے اور سب کا شکریہ ادا کیا اور ان کے ساتھ سیلفیاں لی۔
ڈی پی او خیبر نے زاہد اللہ کی گرفتاری کو خیبر پولیس کی اہم کاروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں، سمگلروں کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا اور ضلع خیبر میں سی سی پی پشاور احسن عباس کے احکامات کے مطابق جرائم پیشہ افراد کے خلاف خصوصی مہم شروع کی گئی ہے جس کو خیبر پولیس نے کامیابی سے جاری رکھا ہوا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق مذکورہ ملزم تیراہ کی پہاڑیوں میں روپوش تھا اور ڈرامائی انداز میں کاروائیوں میں ملوث تھا اور چپ جاتا۔