قبائلی اضلاع

امریکہ کا نئے ضم شدہ اضلاع میں غیر ممنوعہ فصلوں کی کاشتکاری میں تعاون

پاکستان میں امریکی سفارتی مشن، اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک (ایف اے او) اور خیبرپختونخوا حکومت نے آج  باجوڑ، خیبر، تورغر اور مہمند کے اضلاع میں چار ہزار کاشتکار خاندانوں کو غیر قانونی فصل کی جائز متبادل کاشت کے مواقع فراہم کرنے پر مرکوز نو لاکھ چوراسی ہزار ڈالر مالیت کے منصوبہ کی کامیاب تکمیل کا جشن منایا۔ اس موقع پر منعقد ہونے والی ایک تقریب میں امریکی سفارتخانہ کے شعبہ برائے انسداد منشیات اور نفاذ قانون ( آئی این ایل) کے ڈائریکٹر مارک تیروا کوسکی، ایف اے او کی ایلچی ربیکا بیل، خیبرپختونخوا کے وزیرخوراک محب اللہ خان اور شعبہ زراعت کے ڈائریکٹر جنرل عابد کمال نے شرکت کی۔

آئی این ایل کی مالی معاونت سے جاری اس منصوبہ میں ایف اے او نے ممنوعہ فصل کی کاشت میں باقاعدہ ملوث یا شمولیت کے خطرات سے دوچار کاشتکاروں کو روزگار کے متبادل مواقع فراہم کئے۔ اس دوران بارہ سو خواتین سمیت چار ہزار کاشتکاروں کو گندم، پیاز، مکئی، ٹماٹر، کھیرے اور سورج مکھی کے بیج، زیتوں کے پودے، تربیت اور زیادہ منافع بخش قانونی فصل کاشت کرنے کے لیے بیلچے، پھائوڑے،  پمپ، ٹریکٹرز، زمین ہموار کرنے اور فصل کی کٹائی کے آلات بھی دیئے گئے۔

اِس موقع پر پاکستان میں ایف اے او کی ایلچی ربیکا بیل نے منصوبہ کی کارکردگی کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے ادارہ کی آئی این ایل اور خیبرپختونخوا کی حکومت کے ساتھ شراکت نئے ضم شدہ اضلاع میں زیادہ منافع بخش فصلوں کی کاشت کے ذریعہ مقامی آبادیوں کو مستحکم ذرائع روزگار مہیا کرنے میں کارگر ثابت ہوئی ہے۔

آئی این ایل کے ڈائریکٹر مارک تیروا کوسکی نے بھی ایف اے او اور خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ امریکی حکومت کے تعاون پر روشنی ڈالی اور کہا کہ منصوبہ اس امر کو یقینی بناتا ہے کہ پوست کی کاشتکاری کے خطرات سے دوچار آبادکاروں کو زیادہ منافع بخش اور غیر ممنوعہ فصل کی کاشتکاری کے وہ مواقع میسر ہوں جو پاکستان اور خطہ کی مزید خوشحالی کے مقاصد کے حصول میں مددگار بن سکیں۔

واضح رہے کہ ریاستہائے متحدہ امریکہ اور پاکستان نے تیس سال سے زیادہ عرصہ تک افیون اور دیگر ممنوعہ منشیات کی ترسیل کی روک تھام کی خاطر مِل جُل کر خیبر پختونخوا میں کاشتکاروں کو متبادل روزگار کی فراہمی پر کام کیا ہے جبکہ آئی این ایل نّوے سے زائد ممالک کے ساتھ مل کر جرائم اور بدعنوانی کے خاتمہ ،منشیات کے کاروبار کے انسداد، پولیس اداروں میں اصلاحات،شفاف اور منصفانہ عدالتی نظام کی ترویج پر کام کرتا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button