ٹانک، کھلونا نما بم پھٹنے سے 3 کمسن بھائی جاں بحق
ٹانک کے نواحی گاوں شاہ عالم محسود کورونہ میں کھلونہ نما بم پھٹنے سے تین کمسن بچے جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے تینوں بچے بھائی ہیں جن کی عمریں چھ، سات اور بارہ سال بتائی جاتی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں بھائی اپنے گھر کے نزدیک پانی نالے میں نہا رہے تھے جہاں پانی میں کھلونا نما بم ملنے پر بچے اسے گھر لے گئے۔ کھلونانما بم کے ساتھ کھیلنے کے دوران بم پھٹنے سے تینوں بھائیوں کی موت واقع ہوئی۔
تینوں جاں بحق بچوں کی لاشیں ڈی ایچ کیو ٹانک منتقل کردی گئیں ہیں۔ پولیس بم ڈسپوزل سکواڈ کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
تینوں بچوں کا تعلق محسود قبیلے سے تھا جن کا والد دبئی میں کام کرتا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کے نام وحید اللہ، نصیر اللہ اور فرمان اللہ ہے۔ تینوں بچوں کی لاشوں کو تدفین کے لئے جنوبی وزیرستان چگملائی کے لئے روانہ کردیا گیا ہے۔