ضلع خیبر: باڑہ میں بجلی ملاگوری میں پانی درکار ہے
ضلع خیبر، باڑہ سپاہ خدمت خلق کمیٹی نے مقامی بجلی گرڈ سٹیشن کی جانب سے جاری کردہ بجلی کے نئے شیڈول کو مکمل طور پر مسترد کر دیا، کہتے ہیں گھریلو استعمال کی بجلی کا شیڈول واپس اپنے اوقات پر بحال کیا جائے، بصورت دیگر احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔
باڑہ سپاہ خدمت خلق کمیٹی اور مقامی کی جانب سے جاری ایک مشترکہ بیان کے مطابق چھ گھنٹوں کا پرانا شیڈل جو شام 7 بجے تا رات 1 بجے تک تھا وہ بالکل روٹین کے مطابق ہے جس سے ہماری مشکلات کم اور ضروریات پوری ہوتی تھیں۔
انہوں نے کہا شیڈول اب دن 2 بجے سے شام 8 بجے تک کر دیا گیا جو ہمیں قطعی منظور نہیں، (کیونکہ) دن کے وقت شمسی توانائی سے پنکھے وغیرہ بھی کام کرتے ہیں جبکہ رات کو بجلی کی بندش سے یہ سہولت بھی مہیا نہیں ہوتی جس کی وجہ سے گھروں میں خواتین، بچے اور بوڑھوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہو رہا ہے۔
بیان میں متعلقہ افسران، باڑہ کے منتخب نمائندہ گان اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ مرزا محمد آفریدی سے مطالبہ کیا گیا کہ باڑہ گرڈ سٹیشن سے گھریلو استعمال کی بجلی دوبارہ شام 7 سے رات 1 بجے تک بحال کی جائے۔
دوسری جانب لوڑہ مینہ (ملاگوری) کے گاؤں آلہ دوش کلی کے عوام نے پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کی قیادت ابوالحسن، جعفر ماما و دیگر کر رہے تھے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے میں پانی کی شدید قلت ہے اور علاقہ کربلا کا منظر پیش کر رہا ہے جبکہ دریائے کابل سے جو پائپ لائن بچھائی گئی ہے اس میں بھی ان کا علاقہ یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے علاقے کے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گاؤں آلہ دوش کی آبادی 3 ہزار سے زائد نفوس پر مشتمل ہے اور لوگ گاڑیوں اور سروں پر دور دراز کے علاقوں سے پانی لا رہے ہیں۔
مظاہرین نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ علاقے کے عوام کی حالت زار پر رحم کیا جائے اور پانی کا مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے بصورت دیگر وہ احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیں گے۔