وادی تیراہ میں آئس نشہ کے خلاف احتجاج
ضلع خیبر وادی تیراہ کے دور آفتادہ پہاڑی علاقہ میدان میں شلوبر قومی کونسل کے زیر اہتمام آئس نشہ کی روک تھام اور تباہ شدہ مکانات کے کئے گئے سرویز کے چیک میں تاخیر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
گزشتہ روز مظاہرے کی قیادت چیئرمین ڈاکٹر ذاکر خان اور ڈاکٹر حکیم خان سمیت فضل ربی آفریدی کررہے تھے، اس موقع پر مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر مطالباتی نعرے درج تھے، مظاہرین نے تیراہ میدان شلوبر سپورٹس کمپلیکس سے لے کر پیر میلا تک احتجاجی واک کیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ تیراہ میں گھروں کے سروے کے چیک کئی سال سے ابھی تک ریلیز نہیں ہوسکے۔
انہوں نے جلد سروے چیک ریلیز کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ تیراہ سے آئس جیسے مضر نشے کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس سے سنگین غفلت قرار دیتے ہوئے ان کے جلد از جلد خاتمے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ ایک طرف تیراہ میدان میں روز بروز بے روزگاری میں اضافہ ہوتا جارہا ہے دوسری طرف غربت بڑھتی جارہی ہے۔
مظاہرین نے ڈی پی او وسیم ریاض اور ڈی سی خیبر ارشد منصور سے مطالبات حل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے الٹی میٹم دے دیا کہ اگر مطالبات حل نہیں کئے گئے تو آفریدی سطح پر گرینڈ قومی جرگہ تشکیل دیا جائیگا اور حکومتی پروگرامات سے بائیکاٹ کا اعلان کیا جائے گا۔