شیخ رشید کا قبائلی اضلاع میں جرگہ نظام نافذ کرنے کی حمایت
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے جنوبی وزیرستان کے دورے کے موقع پر نئے نافذ ہونے والے اے ڈی آر قانون کی حمایت کی ہے اور کہا ہے کہ قبائلی اضلاع میں جرگہ ایک بہترین نظام ہے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے دورے کے موقع پر احمد زئی وزیر سلیمان خیل اور دوتانی اقوام کے ساتھ آفیسرز میس گراونڈ میں جرگہ کیا جس میں علاقائی مشران کے علاوہ آئی جی ایف سی عمر بشیر ‘وسیم الطاف Sws کمانڈنٹ ‘کرنل وقاص بھٹی’کمشنر عامر لطیف ‘ڈپٹی کمشنر خالد اقبال ‘آرپی او شوکت عباس ‘ڈی پی او شوکت علی بھی شامل تھے۔
وزیر داخلہ نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ وزیر اعظم نے کہا تھا کہ ساوتھ وزیرستان کو دو اضلاع میں تقسیم کیا جائے گا لیکن اس پر ابھی تک کوئی عمل نہیں ہوا کیونکہ وزیرستان کے سارے دفاتر ٹانک میں ہے اور وزیر لوگوں کے لئے بہت سی مشکلات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کے اختیارات مالا کنڈ ڈویژن کی طرح ڈپٹی کمشنر کے حوالے کیے جائیں گے اور جرگے کے سسٹم کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ انگور اڈہ سے گومل زام روڈ کو سی پیک کے ساتھ منسلک کیا جائے گا اور ہم لوگوں نے اس علاقے کے امن کو برقرار رکھنے کے لئے بہت زیادہ قربانیاں دی ہے۔
اس موقع پر ملک گل خاواٹ توجی خیل نے کہا ہے کہ انگور اڈہ میں تعلیم کا کوئی سسٹم نہیں ہے یہاں پر کالج اور سکول ہونے چاہیئے کیونکہ ہر قوم تعلیم کے ساتھ ترقی کرتی ہے، انگور اڈہ میں کسٹم ٹرمینل اور عوام کے لئے مارکیٹ ہونی چاہئے۔
اسی طرح ملک جمیل توجی خیل نے کہا ہے کہ SWTD میں پاک فوج اور عوام کی قربانیوں سے امن قائم ہوا ہے اور دہشتگردوں کو نیست و نابود کر دیا گیا ہے، ہم وزیر قوم پاکستانی تھے اور پاکستانی رہیں گے اور ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
شیخ رشید نے اپنی تقریر میں کہا ہے کہ پہلے تو میں وزیر قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں میں 15 دفعہ وزیر رہا ہوں میری دلی خواہش تھی کہ میں وانا اور انگور اڈہ کا چکر لگا لوں، آج پہلی دفعہ میں وانا آیا ہوں اور میری یہ خواہش آج پوری ہو گئی اور آئندہ بھی میں 3 ماہ کے اندر اندر وانا کا چکر لگاوں گا۔
” میں خود اس جرگے سسٹم کو سپورٹ کرتا ہوں اور میں آپ کے وزیر اعظم عمران خان سے بجٹ کے بعد ملاقات کر واں گا”۔
انہوں نے کہا کہ میری وزارت میں ویزہ کا سسٹم پاک افغان انگوراڈہ گیٹ پر جس طرح آپ چاہتے ہو اسی طرح کر دیا جائے گا۔