ضم اضلاع، تباہ شدہ سکولوں کی دوبارہ تعمیر کے منصوبے کا افتتاح
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور چینی سفیر نونگ رونگ نے ضم شدہ اضلاع میں تباہ شدہ سکولوں کی دوبارہ تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کر دیا، منصوبے کے پہلے مرحلے میں ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں دہشت گردی کی وجہ سے تباہ شدہ 50 سکولوں کو دوبارہ تعمیر کیا جائے گا جن میں 24 بوائز سکولز اور 26 گرلز سکولز کی تعمیر نو شامل ہے، منصوبے کی مجموعی تخمینہ لاگت 2323 ملین روپے ہے جس میں سے 868 ملین روپے حکومت پاکستان فراہم کرے گی جبکہ 10.29 ملین امریکی ڈالر چین کی حکومت فراہم کرے گی، منصوبہ جنوری 2023 تک مکمل کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں پیر کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ایک افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیر شہرام خان ترکئی، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی عبدالکریم، چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شکیل قادر، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر سکولوں کی تعمیر نو کے منصوبے پر عمل درآمد سے متعلق محکمہ تعلیم اور متعلقہ چینی حکام کے مابین معاہدے پر دستخط بھی کئے گئے۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ اور چینی سفیر کو ضم اضلاع میں تباہ شدہ سکولوں کی تعمیر نو کے منصوبے کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اُتری ہے اور سی پیک منصوبہ پاک چین دوستی کی ایک زندہ مثال ہے، ضم شدہ اضلاع میں تباہ شدہ سکولوں کی تعمیر نو میں تعاون فراہم کرنے پر وہ چینی حکومت کے مشکور ہیں اور چینی حکومت کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں تعلیم کا فروغ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات کا ایک اہم حصہ ہے، صوبائی حکومت سکولوں کو اپ گریڈ کرنے، سکولوں میں ناپید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے، تدریسی عملے کی کمی کو پورا کرنے اور اُن کی تربیت کیلئے بھر پور اقدامات اُٹھا رہی ہے۔
محمود خان نے کہا کہ سی پیک کے تحت موجودہ حکومت کے فلیگ شپ منصوبے رشکئی اسپیشل اکنامک زون کا بھی جلد افتتاح کیا جائے گا جس سے صوبے میں صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔
اس موقع پر اپنی گفتگو میں چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی سمندر سے گہری اور ہمالیہ سے اونچی ہے اور چینی حکومت پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہشمند ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں تعاون مثالی ہے، چائنہ حکومت پاکستان میں غربت کے خاتمے اور معاشی ترقی کے شعبوں میں بھی کام کرنے کی خواہاں ہے۔