زخہ خیل تا کرامنہ سڑک پر جاری کام سست روی کا شکار
ضلع خیبرکی تحصیل جمرود کے علاقہ علی مسجد سے بازار زخہ خیل کرامنہ جانے والی سڑک پر سالوں سے جاری کام نہایت سست روی کا شکار ہے۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ٹھیکیدار نے اب سڑک پر روڑہ ڈال کر مذکورہ سڑک کو ایک ہفتے سے آمدورفت کے لئے بند کیا ہے جس سے بازار زخہ خیل کے علاقوں میں جانے والے افراد کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق مذکورہ سڑک کا ٹھیکیدار فنڈ بھی لے چکا ہے لیکن اس کے باوجود سست روی سے کام لیتے ہوئے ایک سال کے منصوبے کو سالوں میں مکمل نہ کر سکا جبکہ ایکسین سی اینڈ ڈبلیو بھی اس کے خلاف کاروائی نہیں کررہا جس سے معلوم ہوتا ہے کہ سب ملے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح ملک کے دیگر ادارے عوام کو سہولت دینے میں ناکام ہے وہیں پر ٹھیکیدار بھی کسی سے کم نہیں ہے۔
مقامی افراد نے وزیراعلی خیبر پختونخوا اور منتخب نمائندگان سے نوٹس لینے اور ٹھیکیدار کو مذکورہ سڑک پر بروقت کام مکمل کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ عوام کو بروقت اور آسان سفر کی سہولت میسر ہو سکے۔